چین کی پاک افغان قیادت کے درمیان مشترکہ اجلاس کی میزبانی کی پیشکش

سی پیک پر پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہیں، چینی وزیر خارجہ

خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے چین کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں، سرتاج عزیز۔ فوٹو: اے پی پی

چین کے وزیر خارجہ نے پاک افغان قیادت کے درمیان مشترکہ اجلاس کی میزبانی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان، چین اور افغانستان کا مشترکہ اجلاس ہونا چاہئے جب کہ پاکستان خطے میں استحکام پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔



سرتاج عزیز کا اسلام آباد میں چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان اور چین دونوں نے دہشت گردی کو مشترکہ چیلنج قرار دیا جبکہ دہشت گردی عالمی امن کے لئے بھی بڑا چیلنج ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایوں سے بہتر تعلقات چاہتا ہے اور افغانستان میں امن و پاکستان کے مفاد میں ہے جبکہ خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے چین کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔



مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہیں، چینی وزیر خارجہ کے ساتھ مثبت اور تعمیری پہلوؤں پر بات چیت ہوئی، دونوں ممالک میں اتفاق پایا کہ افغان تنازع کا حل فوجی طریقے سے ممکن نہیں، ملاقات میں جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک توازن پر بھی اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ نظریات ثقافت اور عوام کو بھی ایک د وسرے سے جوڑے گا، اس منصوبے سے پاکستان سمیت خطے کے تمام ممالک مستفید ہوں گے اور ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔



اس موقع پر چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کا کہنا تھا کہ ملاقات میں کی گئی گفتگو پر سرتاج عزیز کے اظہار خیال سے متفق ہوں، پاکستان اور چین دوسرے ممالک کے معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پر پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہیں، جبکہ پاکستان نے چینی باشندوں اور مفادات کے تحفظ کیلیے بھی اقدامات اٹھائے۔ پاکستانی حکام کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔


پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے چینی وزیرخارجہ وانگ زی نے ملاقات کی جس میں خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا جب کہ چینی وزیرخارجہ کی جانب سے خطے میں امن کے لئے پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا گیا۔





ملاقات کے دوران آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں استحکام کیلئے کوششیں جاری رکھے گا جب کہ پاکستان چین کی غیرمتزلزل حمایت پرشکرگزارہے۔





اسلام آباد میں صدرمملکت ممنون حسین سے چین کے وزیرخارجہ وانگ زی نے ملاقات کی جس میں صدرممنون حسین کا کہنا تھا کہ چینی وزیرخارجہ کی دورہ افغانستان کے بعد پاکستان آمد قابل تحسین ہے، افغانستان میں استحکام کے لیے پاکستان اورچین مل کر کام کرتے رہیں گے، چین کی کوششوں سے خطے میں امن قائم ہوجائے گا اورپاکستان افغانستان میں استحکام کے لیے چین کے مثبت کردارکی قدرکرتا ہے۔

اس موقع پرچینی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی کا مستقبل شاندارہے ، خطے میں استحکام کے لیے پاکستان، چین اورافغانستان کا مشترکہ اجلاس ہونا چاہئے جب کہ پاکستان خطے میں استحکام پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
Load Next Story