سانحہ بہاولپور وزیراعظم نواز شریف نے دورہ برطانیہ مختصر کر دیا

بہاولپور میں پیش آنے والا حادثہ انتہائی افسوسناک ہے جس پر پوری قوم غمزدہ ہے، وزیراعظم


ویب ڈیسک June 25, 2017
حکومت نے فورسز اور قوم کے تعاون سے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے، وزیراعظم نواز شریف۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

سانحہ بہاولپور کے باعث وزیراعظم نواز شریف نے اپنا دورہ برطانیہ مختصر کر دیا ہے اور آج ہی وطن واپسی کے لئے روانہ ہو رہے ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف کا لندن میں عیدالفطر کی نماز کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بہاولپور میں پیش آنے والا حادثہ انتہائی افسوسناک ہے جس پر پوری قوم غمزدہ ہے، متاثرہ خاندانوں اور زخمیوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے اپنا دورہ برطانیہ مختصر کر دیا ہے اور آج ہی وطن واپسی کے لئے روانہ ہو جائیں گے، وزیراعظم کل وطن پہنچیں گے اور بہاولپور کا دورہ کر کے زخمیوں کی عیادت بھی کریں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: بہاولپور میں آئل ٹینکر میں آگ لگنے سے 137 افراد جاں بحق

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے فورسز اور قوم کے تعاون سے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے، ملک میں گزشتہ کئی برسوں سے جو گند پھیلا ہوا تھا ہم اسے سمیٹ رہے ہیں اور ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز جاری ہیں، دہشت گردی کے واقعات میں پہلے کے مقابلے میں بہت کمی واقع ہوئی ہے اور آنے والے دنوں میں حالات مزید بہتر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغان صدر اشرف غنی سے دہشت گردی سمیت کئی معاملات پر بات چیت ہوئی ہے جبکہ امن کے لئے دونوں ممالک میں مزید پیش رفت کی ضرورت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں