جرائم کی سرکوبی شہر میں مزید 600کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ

250 کیمرے ساؤتھ زون ،200کیمرے ویسٹ زون اور 150 کیمرے ایسٹ زون میں نصب کیے جائیں گے.


Staff Reporter February 03, 2013
سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب پر 5 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ فوٹو: فائل

کراچی میں امن و امان کا جائزہ لینے اور جرائم پیشہ افراد پر نگاہ رکھنے اور سرکوبی کے لیے فوری طور پر مزید 600سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔

یہ کیمرے سندھ پولیس، سی پی ایل سی اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے تعاون سے آئندہ 2 ماہ سے شہر کی اہم شاہراہوں اور مقامات پر نصب کیے جائیں گے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی صدارت میں گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ ہائوس میں کراچی میں امن وامان سے متعلق اجلاس میں مذکورہ فیصلے کے بعد آئی جی سندھ فیاض لغاری کی زیر صدارت اجلاس میں یہ طے کیا گیا ہے کہ سندھ پولیس کے کراچی میں سی سی ٹی وی کیمروں کے نظام میں فوری طور پر توسیع کی جائے۔

اس فیصلے کے تحت کراچی میں شارع فیصل ،آئی آئی چند ریگرروڈ،ماڑی پور روڈ،ایم اے جناح روڈ، شارع لیاقت، شارع پاکستان، یونیورسٹی روڈ سمیت اہم شاہراہوں اور مقامات پر مزید 600 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے،ان کیمروں میں 250 کیمرے ساؤتھ زون ،200کیمرے ویسٹ زون اور 150 کیمرے ایسٹ زون میں نصب کیے جائیں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ان سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب پر 5 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے،یہ ہائی پاور لینس اور ایک کلومیٹر رینج کے حامل کیمرے ہوں گے،ان کیمروں کو سی پی ایل سی اور کے ایم سی کے تعاون سے نصب کیا جائے گا۔

 



محکمہ پولیس ان کیمروں کی تنصیب اور خریداری کے لیے فوری طور پر سمری تیار کرکے محکمہ داخلہ کے توسط سے وزیر اعلیٰ سندھ کو بھیجے گی اور وزیر اعلیٰ کی منظوری کے بعد ان کیمروں کی خریداری اور تنصیب قوانین کے مطابق کی جائے گی، ان کیمروں کی تنصیب کا کام آئندہ دو ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں آئی جی سندھ فیاض لغاری نے بتایا تھا کہ شہر میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے ذریعے جرائم میں ملوث افراد کی گرفتاری میں مدد ملی ہے جبکہ اس نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے شہر کے تمام راستوں پر مرحلہ وار سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا عمل تیزی سے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاکہ جرائم میں ملوث عناصر کو ریکارڈنگ کے ذریعے گرفت میں لایا جاسکے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی تھی کہ جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں اور سیاسی اثر ورسوخ سے بالاتر ہو کر دہشت گردی میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے،انھوں نے رینجرز ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ مربوط حکمت عملی کے تحت ٹارگیٹڈ کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں