دنیا بھر میں آئل ٹینکر کے حادثات بھڑکتا تیل سیکڑوں جانیں لے گیا

سوڈان میں 203 کانگو میں 292، افغانستان 73 اور نائیجیریا میں آئل ٹینکرزحادثات نے 277 افراد کی زندگیاں ختم کیں۔

کراچی میں آئل ٹینکر اور بس میں تصادم سے خواتین اوربچوں سمیت 62 اورجہلم میں50 شہری لقمہ اجل بنے تھے۔ فوٹو:فائل

بہاولپور کی تحصیل احمد پورشرقیہ میں قومی شارع پر اتوار کی صبح ہونیوالا المناک سانحہ ملکی تاریخ کا بڑا حادثہ ہے تاہم اس سے قبل بھی ایسے واقعات رونما ہوچکے جن میں درجنوں قیمتی جانیں ضائع ہو چکیں۔

بدقسمتی سے ایسے حادثات میں زیادہ تر غریب شہری ہی لقمہ اجل بنتے ہیں جو چند روپوں کے فائدہ کی غرض سے لالچ میں آکر جان گنوا دیتے ہیں جیسے کہ جنوری 1998میں جہلم کے مقام پرآئل ٹینکر اور بس کے تصادم میں50 شہری لقمہ اجل بنے، 28 مارچ 2017 کو شیخوپورہ کے مقام پر آئل ٹینکر مسافر ٹرین سے ٹکرا گیا جس سے ٹرین میں سوار 14 شہری جاں بحق ہوئے، فروری 2016 میں شیخوپورہ میں ایک ٹریفک حادثے اور اس کے نتیجے میں لگنے والی آگ کی زد میں آ کر 10افراد دم توڑ گئے، 11 جنوری 2015 کو کراچی سپرہائی وے پربھی بس اورآئل ٹینکر میں خوفناک تصادم کے بعد گاڑیوں میں آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں62 افراد جاں بحق ہوئے تھے جن میں خواتین اوربچے بھی شامل تھے۔


دنیا کے دیگر ممالک میں بھی ایسے حادثات ہوچکے ہیں جس میں 17نومبر 2016 کو موزمبیق میں آئل ٹینکر میں دھماکے سے تیل جمع کرنے والے 93 افراد لقہ اجل بن گئے، 8 مئی 2016 کو افغانستان میں آئل ٹینکر اور 2 بسوں میں ہولناک تصادم کے بعد آئل ٹینکر میں لگنے والی آگ نے 73 زندگیاں ختم کر دیں، 16 ستمبر 2015 کوجنوبی سوڈان میں حادثے کے بعدآئل ٹینکر سے بہنے والے تیل اکٹھاکرتے وقت آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں203 افراد ہلاک اور 150 سے زائد زخمی ہوئے تھے، 12جولائی 2012 کو نائیجیریا میں حادثے کے شکار آئل ٹینکرسے تیل جمع کرنیوالے 104 افراد جھلس کرلقہ اجل بنے اور50 سے زائدزخمی ہوئے،2 جولائی 2010 میں کانگو میں آئل ٹینکر میں دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی تھی جس کی لپیٹ میں آکر 292 افراد لقمہ اجل بنے، مرنے والوں میں سے اکثریت ان افرادکی تھی جو حادثے کے شکارٹینکر سے بہنے والا تیل جمع کررہے تھے جبکہ دیگر قریب ہی موجود اسٹیڈیم میں فٹ بال میچ دیکھ رہے تھے، 9 اکتوبر 2009 کو نائیجیریا کی جنوب مشرقی ریاست انامبرا میں آئل ٹینکر کی آگ نے 80 افرادکو موت کی نیند سلادیا تھا، 26 مارچ 2007 کو نائیجیریا میں ہی آئل ٹینکر میں لگنے والی آگ سے 93 افراد جھلس کر جاں بحق ہوئے۔

 
Load Next Story