اس تہوار پر حسین نظر آنا چاہتی ہیں

ہر عورت کی خواہش ہوتی ہے کہ بہ روز عید وہ سب سے منفرد اور خوب صورت نظر آئے۔


Nasreen Akhter June 26, 2017
ہر عورت کی خواہش ہوتی ہے کہ بہ روز عید وہ سب سے منفرد اور خوب صورت نظر آئے۔ فوٹو: فائل

KARACHI: عیدالفطر کو بچوں اور خواتین کا تہوار کہا جاتا ہے۔ بچوں کی تیاری کے بعد خواتین اپنے لیے اس موقع پر خصوصی اہتمام کرتی ہیں۔ پہناووں کی طرح اپنے بناؤسنگھار پر وہ خاص توجہ دیتی ہیں۔

ہر عورت کی خواہش ہوتی ہے کہ بہ روز عید وہ سب سے منفرد اور خوب صورت نظر آئے، اور کوئی بھی اس کی تعریف کیے بنا نہ رہ سکے۔ اس مقصد کے لیے وہ میک اپ پر خصوصی توجہ دیتی ہیں۔

عید کے روز آپ کے حسن کو چار چاند لگانے کے لیے عید میک اپ پلان حاضر ہے۔ عید پر خوب صورت لباس وزیورات کے ساتھ سلیقے سے کیا گیا میک اپ آپ کی جاذبیت میں اضافہ کردے گا۔ ماہرین آرائش حسن کا کہنا ہے کہ میک اپ کرنے سے پہلے چہرہ اچھی طرح صاف کرنا بہت ضروری ہے۔ اس کے بعد چہرے اور گردن پر اچھا سا موئسچرائزر لگاکر تھوڑی دیر کے لیے چھوڑدیں، تاکہ اچھی طرح جلد پر جذب ہوجائے۔ یہ آپ کی جلد کی نمی برقرار رکھتا ہے۔ اگر آپ کی جلد زیادہ چکنی ہے تو اس پر پاؤڈر لگاکر صاف کرلیجیے۔ پاؤڈر جلد کی اضافی چکنائی جذب کرلے گا۔ ملی جلی جلد رکھنے والی خواتین اپنی جلد کے چکنے حصوں پر پاؤڈر لگائیں یہ چکنائی عموماً ''ٹی زون'' یعنی ناک اور ٹھوڑی کے کچھ حصوں پر ہوتی ہے۔

میک اپ کا آغاز اس طرح کیجیے کہ سب سے پہلے فاؤنڈیشن لگائیں۔ خیال رہے کہ فاؤنڈیشن مناسب مقدار میں ہو بہت زیادہ یا بہت کم فاؤنڈیشن جلد پر اچھا تاثر نہیں دیتا۔ ایسے فاؤنڈیشن کا انتخاب کریں جس میں پانی کی مقدار خاصی ہو۔ یہ آپ کی جلد کو ہموار کردیتا ہے۔ زیادہ خشک جلد والی خواتین مائع فاؤنڈیشن کا انتخاب کریں۔گورے رنگ کی خواتین گہرے رنگ کا فاؤنڈیشن استعمال کریں۔ فاؤنڈیشن لگانے کے بعد فیس پاؤڈر لگائیں۔ پاؤڈر کے رنگ کا انتخاب فاؤنڈیشن کے رنگ کی مناسبت سے ہونا چاہیے۔

ویسے ہلکے رنگ کا پاؤڈر مناسب رہتا ہے اور اس میں یہ خوبی ہوتی ہے کہ دیر تک میک اپ برقرار رہتا ہے۔ اب بلش آن لگائیں۔ بلش آن میک اپ میں سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ اگر بلش آن غلط طریقے سے لگایا جائے تو میک اپ کا سارا تاثر ختم ہوجاتا ہے۔ اس لیے اس کا استعمال کرتے ہوئے خاص احتیاط کی ضرورت ہے۔ خشک جلد والی خواتین مائع جب کہ چکنی جلد والی خواتین پاؤڈر بلش آن کا انتخاب کریں۔ اسے فیس پاؤڈر کے اوپر خاص طریقے سے لگایا جاتا ہے۔

گورے رنگ کی خواتین کے لیے گلابی اور قدرے سرخ مائل گلابی رنگ کا بلش آن بہتر رہے گا۔ درمیانی رنگت کی حامل خواتین ہلکے گلابی اور براؤن بلش آن کا انتخاب کریں۔ زردی مائل رنگت کی خواتین سرخی مائل براؤن رنگ کا بلش آن لگائیں جب کہ گہری رنگت والی خواتین گہرے رنگوں پر مشتمل بلش آن کا انتخاب کرسکتی ہیں۔ اگر آپ کا چہرہ گول ہے تو بلش آن کو ہونٹوں سے کانوں کی طرف لگائیں۔ اس سے چہرہ لمبائی کا تاثر دے گا۔ بیضوی چہرے والی خواتین بلش آن اپنے رخساروں کی ہڈیوں پر لگائیں جب کہ دیگر ساخت کے چہروں پر بلش آن ناک سے گالوں کی طرف لگایا جاتا ہے۔ بلش آن لگانے کے بعد اسے جذب کریں۔

آنکھوں کے میک اپ کے لیے آئی لائنر، آئی شیڈز اور مسکارا کی ضرورت ہوتی ہے۔ آنکھوں کا میک اپ کریں تو تھوڑا سا نورو پاؤڈر آنکھوں کے نیچے اور گالوں پر لگالیں۔ آئی شیڈ لگانے کے بعد روٹی سے فالتو پاؤڈر صاف کرلیں۔ بھنوؤں کے نیچے ہلکے رنگ کا آئی شیڈ لگائیں تاکہ یہ حصہ نمایاں ہوجائے۔ اس سے آنکھیں بڑی لگتی ہیں۔ پپوٹوں کے درمیانی حصوں پر گہرے رنگ کا آئی شیڈ لگائیں۔ انگلی کے مدد سے ہلکا سا ملیں تاکہ دونوں آئی شیڈ کے کنارے واضح نہ ہوں اور الگ الگ نہ محسوس ہوں۔ پلکوں کے اوپر کی طرف آئی لائنر لگائیں۔ لگاتے وقت صفائی اور نفاست کا خیال رکھیں۔ اس کے بعد پلکوں پر مسکارا لگائیں۔ کالے رنگ کا مسکارا ہر طرح کی آنکھوں کے لیے سب سے بہتر رہتا ہے۔ لیکن آپ براؤن، نیلا یا کسی اور رنگ کا مسکارا لگانا چاہتی ہیں تو پھر آئی لائنر بھی اسی رنگ کا لگائیں۔ پلکیں اگر چھوٹی ہیں تو پہلے لمبائی کے رخ پر ٹالکم پاؤڈر لگائیں، پھر مسکارا لگائیں تو اس سے پلکیں قدرے گھنی لگیںگی۔ مسکارا کا انتخاب آپ اپنی آنکھوں کی رنگت کی مناسبت سے کریں۔ سبز اور بھورے رنگ کی آنکھوں کے لیے سیاہ، خاکستری یا سبز رنگ کے تمام شیڈز لگائے جاسکتے ہیں۔ براؤن اور سیاہ رنگ کی آنکھوں کے لیے سیاہ براؤن، ہلکا بھورا یا خاکستری، جامنی اور سرمئی رنگ کے تمام شیڈز لگائے جاسکتے ہیں۔ جب کہ سرمئی اور نیلے رنگ کی آنکھوں پر سیاہ، نیلا، سرمئی اور خاکستری رنگت کا مسکارا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ گلابی اور گہرے براؤن رنگ کا مسکارا لگانے سے گریز کریں۔

اب باری ہے ہونٹوں کے میک اپ کی ۔ ہونٹوں کا میک اپ اس لحاظ سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے کہ یہ میک اپ کا مجموعی تاثراجاگر کرتا ہے۔ سب سے پہلے لپ پنسل سے ہونٹوں کی ساخت کو نمایاں کریں۔ اگر آپ کے ہونٹ زیادہ پتلے ہیں تو پینسل کی مدد سے ہونٹوں سے باہر کی طرف خط کھینچ لیں۔ ہونٹ اگر موٹے ہیں تو اندر کی طرف لگائیں۔ پھر لپ برش کی مدد سے لپ اسٹک لگائیں۔ اب ایک نرم ٹشو پیپر لے کر اسے دونوں ہونٹوں کے درمیان رکھ کر زور سے دبائیں اس کے بعد دوبارہ لپ اسٹک لگائیں۔ اس سے لپ اسٹک زیادہ دیر تک ہونٹوں پر جمی رہے گی۔ اب لپ گلوس لگالیں، لپ اسٹک میں چمک آجائے گی۔

لیجیے! عید میک اپ پلان مکمل ہوا۔ میک اپ کا جادو اسی وقت بولتا ہے جب میک اپ مناسب طریقے سے اور موسم کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا جائے۔ چوںکہ موسم گرمی کا ہے اس لیے مناسب یہی ہے کہ عید میک اپ اچھے طریقے سے مگر ہلکا پھلکا کیا جائے ۔ ہلکا میک اپ گرمی کے تاثر کو کم کرتا ہے اور مناسب بھی رہتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں