تھرڈ امپائر اسٹیو ڈیوس نے پاکستان کیلیے الگ پیمانہ بنالیا

جوہانسبرگ میں ہاٹ اسپاٹ سے موصول ایک جیسے نتائج پر مختلف فیصلے صادر


Sports Desk February 03, 2013
چار متنازع فیصلوں نے ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا، کوچ اور منیجر کی امپائر سے بحث۔ فوٹو: فائل

تھرڈ امپائر اسٹیوڈیوس نے پاکستان کیلیے الگ پیمانہ بنالیا۔

ہاٹ اسپاٹ سے موصول ایک جیسے نتائج پر مختلف فیصلے صادر کردیے، چار متنازع فیصلوں نے پاکستانی ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا، کوچ ڈیو واٹمور اور منیجر اکرم چیمہ کی ڈیوس سے بحث بھی ہوئی، معاملہ موزوں پلیٹ فارم پر اٹھانے کا عندیہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق جوہانسبرگ ٹیسٹ میں ٹیکنالوجی استعمال کی جارہی ہے مگرتھرڈ امپائر اسٹیو ڈیوس کی ہاٹ اسپاٹ کی من پسند تشریح نے پاکستان کا سفر کٹھن بنا دیا۔

دوسرے روز مصباح الحق کو کیلس کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ کی اپیل مسترد ہونے پر پروٹیز نے فیصلہ چیلنج کیا،اس پر ہاٹ اسپاٹ کیمروں نے مختصر وقت کیلیے بیٹ پر ایک معمولی دھبہ دکھایا جو آن فیلڈ امپائر کا فیصلہ تبدیل کرنے کیلیے ناکافی تھا، مگر ڈیوس نے مصباح کو آئوٹ قرار دے دیا جس پر پاکستانی کپتان ناخوش جبکہ ڈریسنگ روم میں واٹمور کو برہمی سے بازو جھٹکتے ہوئے دکھایا گیا، بالکل ایسا ہی ایک روز قبل فاف ڈوپلیس کے ساتھ ہوا تھا جب راحت کی گیند پر ان کے خلاف کاٹ بی ہائنڈ کی اپیل مسترد ہوئی تو پاکستان نے ڈی آر ایس کا سہارا لیا تاہم ڈیوس نے فیلڈ امپائر کا فیصلہ برقرار رکھا۔



تیسرے واقعے میں ابراہم ڈی ویلیئرز کے خلاف کاٹ بی ہائنڈ کی اپیل ہوئی مگر انھوں نے گیند کو پیڈ سے دھکیلنے کا اشارہ کیا، ہاٹ اسپاٹ پر کچھ بھی دکھائی نہیں دیا اور آخری واقعے میں دوسرے روز انھیں سعید اجمل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا، مگر انھوں نے فوراً اشارہ کیا کہ گیند بیٹ سے پہلے ٹکرائی ہے۔

اگرچہ بیٹ پر ہاٹ اسپاٹ سے کوئی نشان دکھائی نہیں دیا مگر آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ڈیوس نے انھیں بیٹنگ جاری رکھنے کا پروانہ جاری کردیا۔ دن کے اختتام پر نوید اکرم چیمہ اور واٹمور تھرڈ امپائر سے بحث کرتے ہوئے بھی دکھائی دیے، پریس کانفرنس میں پاکستانی کوچ نے اس بارے میں کوئی بات کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس بارے میں کوئی بھی تبصرہ موزوں پلیٹ فارم پر کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں