بنگلہ دیش نے پاکستان کا دورہ اپنے ایجنڈے سے نکال دیا

مضبوط دلائل سے آئی سی سی کو خاموش کردیا، وطن واپسی پر نظم الحسن کا دعویٰ۔


Sports Desk February 03, 2013
مضبوط دلائل سے آئی سی سی کو خاموش کردیا، وطن واپسی پر نظم الحسن کا دعویٰ۔ فوٹو: فائل

بنگلہ دیش نے پاکستان کا دورہ اپنے ایجنڈے سے ہی نکال دیا، بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے دعویٰ کیا کہ میں نے مضبوط دلائل سے آئی سی سی کو خاموش کردیا۔

ایسے پوائنٹس اٹھائے کہ خود پی بی کے چیئرمین ذکا اشرف میری تعریف پر مجبور ہوگئے، بیک فٹ پر ہونے کی وجہ سے بی پی ایل کیلیے پاکستانی پلیئرز کو ریلیز کرنے کا معاملہ نہیں اٹھایا، دوسری جانب ذرائع کے مطابق حقائق اس کے برعکس ہیں اور میٹنگ میں نظم الحسن کو خاصی سبکی اٹھانا پڑی۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ایگزیکٹیو بورڈ میٹنگ میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچنے پر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن نے واضح کیا کہ مستقبل قریب میں پاکستان کے دورے کا کوئی امکان نہیں،اس بارے میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔



بی سی بی نے پاکستان کو آئی سی سی کے پلیٹ فارم پر دورے کی یقین دہانی کرائی تھی،نظم الحسن پہلی مرتبہ بورڈ میٹنگ میںشریک ہوئے تو ذکا اشرف نے ان کی جانب سے ٹیم بھیجنے کا وعدہ پورا نہ کرنے کا معاملہ اٹھایا۔ نظم الحسن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ میں نے پاکستان ٹیم نہ بھیجنے کے فیصلے کا کامیاب دفاع کیا اور آئی سی سی ممبرز پر واضح کردیا کہ ہمیں اس بارے میں کچھ خدشات لاحق ہیں،مجھے پورا یقین ہے کہ میری وضاحت سے تمام بورڈ ڈائریکٹرز مطمئن ہوگئے ہوں گے۔

جب میں نے انھیں بتایا کہ پاکستان میں ہونے والے کچھ حالیہ واقعات پر ہمارے عوام اور حکومت کو تشویش ہے تو کسی نے بھی اس پر سوال نہیں اٹھایا، جس پر میں نے سمجھ لیا کہ وہ میری بات سے متفق ہیں، پی سی بی کے چیئرمین ذکا اشرف نے پاکستان کو غیرمحفوظ ملک کہنے پر مجھ سے شکوہ کیا۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق حقائق اس کے برعکس ہیں، میٹنگ میں نظم الحسن کو وعدہ خلافی پر تنقیدکا سامنا کرنا پڑا، اس وجہ سے انھیں خاصی سبکی اٹھانا پڑی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔