پولیس نےعلما کے قاتلوں کی مزید سی سی ٹی وی فوٹیج حاص کرلی خاکے جاری ہوں گے

انویسٹی گیشن پولیس کو حاصل ہونیوالی سی سی ٹی وی فوٹیج اس روٹ کی ہےجسےملزمان نےواردات سےقبل اورواردات کےبعداستعمال کیا.


Staff Reporter February 03, 2013
3 روز قبل قتل کیے جانیوالے علما کے قاتل جلد گرفتار ہونگے، شارع فیصل پر لگے اکثرکیمرے خراب ہیں،ڈی ایس پی نثار قائم خانی۔ فوٹو: فائل

شاہراہ فیصل پر 3 روز قبل قتل کیے جانے والے علمائے کرام کے قتل میں ملوث ملزمان کے خاکے48گھنٹوں میں جاری کیے جانے کا امکان ہے جبکہ انویسٹی گیشن پولیس نے ملزمان کی مزید کیمروں کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو شہر کی سب سے مصروف اور اہم شارع فیصل پر دن دہاڑے قتل کیے جانے والے علمائے کرام کے قتل کو3روز گزر جانے کے باوجود تحقیقات میں کوئی اہم پیش رفت نہیں ہو سکی ، ایڈیشنل آئی جی کراچی کی ہدایت پر ڈی آئی جی ایسٹ زون عبدالعلیم جعفری کی سربراہی میں قائم کی گئی 5 رکنی کمیٹی کے رکن نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ علمائے اکرام کے قتل میں ملوث ملزمان کی مزید کیمروں کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے ، انھوں نے بتایا کہ انویسٹی گیشن پولیس کو حاصل ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج اس روٹ کی ہے جسے ملزمان نے واردات سے قبل اور واردات کے بعد استعمال کیا۔

انھوں نے بتایا کہ ہفتے کو چھٹی ہونے کہ وجہ سے علما کے قتل میں ملوث ملزمان کے خاکے تیار نہیں کیے جا سکے اور امکان ہے کہ آئندہ 48گھنٹوں تک عینی شاہد کی مدد سے ملزمان کے خاکے تیار کر کے جاری کر دیے جائیں گے ، انھوں نے بتایا کہ پولیس علماکے قتل کی تحقیقات میں دن رات مصروف ہے اور پولیس کی کوشش ہے کہ قتل میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے عدالت میں کٹہرے میں لایا جائے۔

 

8

ڈی ایس پی نثار قائم خانی نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے ان باتوں کی نفی کی کہ علماکے قتل میں ملوث ملزمان میں سے ایک ملزم سرکاری محکمے کا ملازم ہے اور واردات میں بیک اپ میں کھڑی گاڑی حیدرآباد سے لائی گئی تھی ، انھوں نے بتایا پولیس تحقیقات میں مصروف ہے ، قاتل جلد گرفتار ہونگے، انھوں نے بتایا کہ شارع فیصل پر لگے اکثر سی سی ٹی وی کیمرے خراب ہیں۔

واضح رہے کہ جمعرات کو شارع فیصل پر موٹر سائیکل پر سوار 3 ملزمان نے ہائی رئوف گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی اور فائرنگ کے نتیجے میں ہائی روف میں سوار بنوری ٹائون کے صدر اور نائب شیخ الدیث عالم دین مفتی عبدالمجید دین پوری، جامعہ درویشیہ کے استاد مفتی محمد صالح اور حسان علی شاہ جاں بحق ہوئے تھے ، جس پر ایڈیشنل آئی جی کراچی اقبال محمود کی ہدایت پر ڈی آئی جی ایسٹ زون عبدالعلیم کی سر براہی میں5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی تھی جس میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ زون نوید خواجہ ، ایس آئی یو کے سر براہ فاروق اعوان، اینٹی وائلنٹ سیل کے سر براہ نیاز کھوسو ، ڈی ایس پی نثار قائم خانی اور انویسٹی گیشن آفیسر تھانہ ٹیپو سلطان انسپکٹر رائو ذوالفقار علی شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں