قائد اعظم ٹرافی کراچی بلوز نے اسلام آباد کو اننگز سے شکست دیدی

لاہور شالیمار نے حیدرآباد کو اننگز اور25 رنز سے ہراکر سپر ایٹ میں جگہ پکی کرلی،پشاور کو لاہور راوی اور۔۔۔


Sports Reporter February 03, 2013
کراچی وائٹس نے فیصل آباد پر گرفت مضبوط کرلی، خالد لطیف کی سنچری، بہاولپور کو راولپنڈی کے خلاف مشکلات کا سامنا،عثمان طارق کے 102رنز۔ فوٹو : فائل

قائد اعظم ٹرافی کے ساتویں رائونڈ میں کراچی بلوز نے اسلام آباد کو اننگز اور33 رنز سے شکست دیدی۔

لاہور شالیمار نے حیدرآباد کو اننگز اور25 رنز سے ہراکر سپر ایٹ میں جگہ پکی کرلی،پشاور کو لاہور راوی اور سیالکوٹ کو ملتان کیخلاف اننگز کی شکست کا خطرہ ہے،کراچی وائٹس نے خالد لطیف کی سنچری کی بدولت فیصل آباد پرگرفت مضبوط کرلی، بہاولپور کو راولپنڈی کے خلاف مشکلات کا سامنا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اسلام آباد کے ڈائمنڈ کلب گرائونڈ پر میچ کے تیسرے روز کراچی بلوز نے8وکٹ پر340رنز سے نامکمل پہلی اننگز دوبارہ شروع کی،آخری2 کھلاڑی مزید5رنز کا اضافہ کر سکے۔

345رنز پر ٹیم آئوٹ ہو گئی،148کے خسارے میں جانے والی اسلام آباد کی سائیڈ42.2اوورز میں محض115رنز پر ڈھیر ہوگئی،نعیم انجم39 اورحماد وسیم 29رنز کے ساتھ نمایاں رہے،فخر زماں نے3 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا،اعظم حسین، تابش خان اورانور علی کے حصے میں2،2 وکٹیں آئیں،سپر ایٹ کیلیے پہلے ہی کوالیفائی کرلینے والی کراچی بلوز کی ٹیم اس کامیابی کی بدولت گروپ اے میں36 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہو گئی،قذافی اسٹیڈیم میں لاہور شالیمار کے خلاف حیدرآباد کی ٹیم دوسری اننگز میں 61.4 اوورز میں 218 رنز پر آئوٹ ہوکر اننگز اور 25رنزکی شکست کا شکار ہوگئی۔



شرجیل خان 60 اوراعظم گھمن 59رنز کیساتھ نمایاں رہے، وہاب ریاض نے4 کھلاڑیوں کو میدان سے باہر بھیجا ، حیدرآباد کی ٹیم پہلی اننگز میں103رنز بنا سکی تھی، آزاد جموں و کشمیر کے میر پور اسٹیڈیم پر کراچی وائٹس کیخلاف فیصل آباد نے دوسری اننگز کے41 اوورز میں144رنز بنائے اور3کھلاڑی آئوٹ ہوئے،عامر محمود 64اورذیشان 43رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں،قبل ازیں پہلی اننگز میں 297رنز اسکور کرنیوالی سائیڈکراچی وائٹس 48.1اوورز میں 207 رنز پر میدان سے باہر پہنچ گئی،خالد لطیف نے14چوکوں اور4 چھکوں کی مدد سے113رنز کی اننگزکھیلی،عدیل ملک نے23 رنز بنائے،سمیع اللہ نیازی نے40 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا،3 وکٹیں اسد علی کے نام رہیں۔

پہلی اننگز میں 144رنز بنانے والی فیصل آباد کی ٹیم کو شکست سے بچنے کیلیے مزید202 رنز درکار اور7وکٹیں محفوظ ہیں،لاہور کے ایل سی سی اے گرائونڈ پر لاہور راوی کیخلاف پشاور 209 رنز پر آئوٹ ہونے کے بعد فالوآن پر مجبور ہو گیا،نوید خان نے کسی حد تک اپنی ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی اور 61رنز بنائے جبکہ رضوان نے40 رنز جوڑے، عدنان رسول نے4 اورجہانگیر مرزا نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین پہنچایا، تیسرے روز کھیل کے اختتام پر پشاور نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے4 رنز بنائے،اس طرح سپر ایٹ مرحلے سے پہلے ہی باہر ہونیوالی پشاور کو اننگز کی شکست سے بچنے کیلیے مزید299 رنز کی ضرورت ہے،ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں سیالکوٹ نے اپنی دوسری اننگز میں65رنز پر2وکٹیں گنوا دیں۔

قبل ازیں 3 وکٹ پر233 رنز کیساتھ پہلی اننگز دوبارہ شروع کرنے والی میزبان ٹیم 428 رنز بناکرآئوٹ ہوگئی،107 رنز کے ساتھ دوبارہ کریز پر آنیوالے شعیب مقصود مزید9 رنز کا اضافہ کر کے پویلین لوٹ گئے،49 رنز کیساتھ دوبارہ کھاتہ کھولنے والے نوید یاسن نے سنچری اسکور کرتے ہوئے109 رنز بنائے،محمد عباس اور فیصل رشید نے 3،3وکٹیں اپنے نام کیں،اس طرح پہلی اننگز میں 189 رنز بنانیوالی سیالکوٹ کی ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچنے کیلیے مزید 174 رنز درکار اور8 وکٹیں محفوظ ہیں،پنڈی کلب گرائونڈ پر راولپنڈی نے اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹ پر137 رنز بناکر225 رنز کی برتری حاصل کرلی،قبل ازیں بہاولپور کی ٹیم316 رنز بناکر رخصت ہوگئی تھی، عثمان طارق نے اسکور میں102رنز کا اضافہ کیا جبکہ فیصل الہی نے77رنز جوڑے، سہیل تنویر نے3 وکٹیں حاصل کیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں