نامورادیب ودانشورسراج الحق میمن انتقال کرگئے

عمر 79 برس تھی،نماز جنازہ آج ہوگی،اے پی این ایس،کے یو جے کااظہارتعزیت.


Staff Reporter February 03, 2013
اطلاع ملتے ہی سپریم وہائیکورٹ کے ججز،دیگر اہم شخصیات رہائشگاہ پہنچ گئیں۔ فوٹو: فائل

ملک کے نامور ادیب اور دانشور سراج الحق میمن (ستارۂ امتیاز) انتقال کرگئے۔

مرحوم کی عمر 79 سال تھی۔ وہ گزشتہ چند روز سے نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔ اُن کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر مسجد سلطان ڈیفنس فیز 5 میں ادا کی جائے گی۔ مرحوم سپریم کورٹ کے وکیل تھے۔ صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن ان کے بھتیجے ہیں۔ دیگر سوگواران میں ارشد سراج میمن، ڈاکٹر امجد سراج میمن، نوید سراج میمن، بھائی، بہنیں، پوتے اور پوتیاں شامل ہیں۔

سراج الحق میمن کا شمار سندھ کی قدآور شخصیات میں کیا جاتا ہے۔ وہ سندھی ادب میں اپنے وسیع علم، تجربے اور نظریات کی بنا پر اعلیٰ مرتبے کے حامل تھے۔ انکے انتقال کی خبر سنتے ہی جسٹس عبدالقادر ہالیپوٹو، سیکریٹری انفارمیشن نور محمد لغاری، جسٹس امیرہانی، سابق ایڈووکیٹ جنرل یوسف لغاری، محمد علی شیخ، ڈاکٹر سلیمان شیخ، دستگیر بھٹی، جام مہتاب ڈھر، تاج بلوچ، بدر ابڑو، ایم این اے ڈاکٹر کھٹو مل، سندھ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر مظہرالحق صدیقی، امرجلیل، تاج جویو، ایاز ابڑو، امداد حسینی، ڈاکٹر عطا پنہور، ڈاکٹر اقبال ناریجو، ظفر علی شاہ، عبدالحمید آخوند، سابق وزیر اصغر شاہ، صوبائی وزیر مراد علی شاہ، ایم پی اے بچل شاہ، اقبال دل کے علاوہ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے ججز و دیگر اہم شخصیات مرحوم کی رہائش گاہ پہنچ گئے اور صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن اور مرحوم کے بیٹوں سے اظہار ہمدردی کیا۔

2

دریں اثنا اے پی این ایس کے صدر سرمد علی نے سراج الحق میمن کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں سرمد علی نے کہا کہ سندھی صحافت و ثقافت کیلیے مرحوم کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ انھوں نے اے پی این ایس کے عہدیداروں اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے ارکان کی طرف سے سوگوار خاندان کے ساتھدلی ہمدردی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جواررحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

کراچی یونین آف جرنلسٹ کے صدر جی ایم جمالی نے بھی سراج الحق میمن کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں انھوں نے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن اور مرحوم سراج الحق میمن کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے بھی سندھ کے وزیراطلاعات شرجیل میمن کے چچا سراج الحق میمن کے انتقال پراظہار افسوس کرتے ہوئے لواحقین سے دلی تعزیت کی ہے اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں