چین اور بھارت کے درمیان سرحدی تنازع شدت اختیار کر گیا

ارونا چل پردیش کے قریب متنازع علاقے سکم میں دونوں ملکوں کے فوجی آپس گتھم گتھا ہوگئے


ویب ڈیسک June 27, 2017
دونوں ممالک کا ایک دوسرے پر سرحدی خلاف ورزی کا الزام فوٹو؛ انٹرنیٹ

چین اور بھارت کی افواج کے اہلکار آپس میں لڑ پڑے جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سرحدی تنازع شدت اختیار کر گیا۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے ایک ویڈیو نشر کی گئی ہے جس میں الزام عائد کیا گیا کہ چینی فوجی نے لائن آف ایکچول کنٹرول (ایل اے سی) پر سرحد کی خلاف ورزی کی اور بھارتی فوجی کو دھکا دیا اور پھر پیپلزلبریشن آرمی کے اہلکاروں نے بھارتی سرحد کے اندر داخل ہو کر آرمی کے دو مورچے بھی تباہ کر دیئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جھگڑے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان فلیگ میٹنگ بھی ہوئی۔

دوسری جانب چین نے بھارت کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سکم کے علاقے میں بھارتی فوجی سرحد پار کر کے تبت میں گھس آئے۔

چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ علاقائی خود مختاری کے حوالے سے چین کا موقف بڑا واضح ہے، بھارتی فوجیوں نے سکم کے علاقے میں سرحدی خلاف ورزی کی جس پر باقاعدہ احتجاج ریکارڈ کرایا، امید ہے کہ بھارت سرحدی خلاف ورزی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف اقدامات اٹھائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس جون میں بھی سکم کے علاقے میں دونوں ممالک کے درمیان سرحدی کشیدگی کا واقعہ رونما ہوا تھا جس میں چین کے فوجیوں نے سرحدی خلاف ورزی کا بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی فوج کے دو بنکرز تباہ کر دیئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں