اہم امور طے ہونے تک الطاف حسین پی پی سے بات نہیں کرینگے متحدہ کا اعلامیہ

بعض پی پی عناصرنے اتحادتوڑنے کیلیے اشتعال انگیزی ومنفی رویہ اختیارکیا،متحدہ کاطویل اجلاس


Express Desk February 03, 2013
صدرزرداری اورالطاف حسین نے ہمیشہ تحمل سے کام لیا،رحمن ملک کابھی کردارمثبت رہاتاہم بعض پی پی عناصرنے اتحادتوڑنے کیلیے اشتعال انگیزی ومنفی رویہ اختیارکیا،متحدہ کاطویل اجلاس۔ فوٹو: فائل

ADELAIDE: متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی پاکستان اورلندن کی رابطہ کمیٹی اورکو ر کمیٹی کا طویل اجلاس جمعے کی شام سے رات گئے تک جاری رہا جس میں متفقہ نکات طے پائے۔

بعد ازاں طے شدہ نکات کی روشنی میں ایم کیوایم کور کمیٹی کا ایک اور اجلاس ہو ااوراتفا ق رائے سے یہ طے پایا گیا کہ جمہوری عمل کے گزشتہ 5سالوں کے دوران صدر زرداری اور ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے انتہائی سنگین اور اختلافی معاملات پر انتہائی سنجیدگی، غور وفکر اور طویل بحث ومباحثے کے بعدانتہائی صبر وتحمل اور برداشت سے کام لیتے ہوئے تمام ترمسائل کے حل نکالنے کی حتی المقدور کوششیں کیں اور جمہوری عمل کو جاری رکھا،گزشتہ پانچ سالوں میں ہونیوالے مذاکرات کے دوران وفاقی وزیرداخلہ رحمٰن ملک نے اپنا بھرپور اور مثبت کرد ار ادا کیا جس پر پوری رابطہ کمیٹی ان کی شکر گزارہے۔

یہاں اس بات کا ذکر کرنا نہایت ضروری ہے کہ بیشتر اجلا سوں میں تعصب کازہر پیے ہوئے بعض عناصرنے مذاکرات کو ناکام بنانے اور پی پی پی اور ایم کیوایم کے اتحاد کو توڑنے کیلیے اشتعال انگیزاور منفی رویہ اپنایا لیکن ان اجلاسوں میں شریک ایم کیوایم کے تمام ارکان نے صبر وتحمل کا دامن ہاتھ سے نہیں چھو ڑااورمعاملا ت اور مسائل کو مزید بڑھانے یا بگاڑکی جانب لے جانے کے بجائے انتہائی شائستہ اورنرم رویہ اپنایا۔

1

پیپلز پارٹی کے ان بعض متعصب اورشاؤنسٹ عناصر نے جب ہراجلا س میں اپنے رویے کونہ بدلا تواجلاسوں میں شرکت کرنیوالے ایم کیوایم کی کور کمیٹیوں کے ارکان پیپلزپارٹی کے سردمہری کے رویے سے رابطہ کمیٹی اور ساتھ ساتھ الطاف حسین کو بھی آگاہ کرتے رہے اور یہ بھی گلہ کر تے رہے کہ ایسے مذاکرا ت سے کوئی فائدہ نہیں، سوائے وقت کے ضیاع کے ان اجلاسوں کاکوئی مثبت نتیجہ برآمدنہیں ہوتا۔

آخرکارکو رکمیٹی اور رابطہ کمیٹی نے متفقہ طورپریہ فیصلہ کیا کہ جب تک دونوں فریقین کی جانب سے طے کردہ کمیٹی کے ارکان دیرینہ عوامی مسائل اورایسے تمام اختلافی امورجن کاعوام کی فلاح وبہبودسے تعلق ہوان کے حل کیلیے متفقہ طورپرکسی حتمی نتیجے پرنہ پہنچیںاس وقت تک الطاف حسین پی پی کے کسی رہنمایا کمیٹی سے باقاعدہ ہونے والے ا جلاس Formal Meeting میںشرکت نہیں کرینگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔