چین میں توہم پرست خاتون نے طیارے کے مسافروں کی زندگی خطرے میں ڈال دی

ایئرپورٹ انتظامیہ نے خاتون کو حراست میں لے کر طیارے کی روانگی روک دی


ویب ڈیسک June 27, 2017
مسافروں کی سلامتی کے لیے انجن میں سکہ پھینکا، خاتون کا موقف — فوٹو : ساؤتھ چائنا پوسٹ

چین میں 80 سالہ توہم پرست خاتون نے خوش بختی کے لیے طیارے کے انجن میں سکہ پھینک کر دیگر مسافروں کو بھی مشکل میں ڈال دیا جس کی وجہ سے پرواز کی روانگی میں گھنٹوں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چینی حکام نے بتایا کہ ایک ضعیف العمر خاتون شنگھائی کے بین الاقوامی ایئرپورٹ سے گوانگ ژو جانے کے لیے طیارے میں سوار ہورہی تھیں جب یہ واقعہ پیش آیا۔ طیارے میں مجموعی طور پر 150 مسافر موجود تھے۔

خاتون نے طیارے میں سوار ہوتے ہوئے 9 سکے طیارے کے انجن کی جانب اچھالے جن میں سے 8 سکے تو زمین پر جاگرے تاہم ایک سکہ انجن کے اندر چلا گیا۔ خاتون کی اس حرکت کو دیکھنے والے دیگر مسافروں نے حکام کو آگاہ کیا تو انہوں نے خاتون کو حراست میں لے کر طیارے کی روانگی روک دی اور مسافروں کو طیارے سے اتار دیا گیا۔

حکام کے مطابق خاتون اپنے شوہر بیٹی اور داماد کے ہمراہ طیارے میں سوار ہورہی تھیں جبکہ سکہ انجن میں جانے کے بعد حکام نے اس کا مکمل جائزہ لیا تاکہ مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔ حراست میں لی جانے والی خاتون سے جب پوچھا گیا کہ انہوں نے ایسا کیوں کیا تو انہوں نے بتایا کہ سکے انجن کی جانب پھینک کر انہوں نے مسافروں کی سلامتی کے لیے دعا کی تھی۔ خاتون کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وہ بدھ مت مذہب کی ماننے والی ہیں۔

چین کی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ وائیبو میں شہریوں نے اس واقعے کی خوب مذمت کی اور مذاق بھی اڑایا، ایک صارف نے مذکورہ خاتون کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'دادی اماں ! یہ طیارہ ہے، خواہشات پوری کرنے والا کرشماتی چشمہ نہیں'۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں