ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ہرادیا

انگلینڈ نے ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت پاکستان کو 107 رنز سے شکست دی


/ June 27, 2017
پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 107 رنز سے شکست ہوئی — فوٹو : گیٹی امیجز

آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت پاکستان کو 107 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔

انگلینڈ کے شہر لیسٹر میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو کہ درست ثابت نہ ہوا، انگلینڈ کی خواتین نے 42 رنز کے مجموعی اسکور پر 2 وکٹیں گنوانے کے باوجود مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 377 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔ انگلینڈ کی جانب سے تیسری وکٹ پر 213 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی اور انگلش کپتان ہیتھر نائٹ نے 106 جبکہ نتالی اسکائیور نے 137 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔



پاکستان کی جانب سے اسماویہ اقبال نے 3، کائنات امتیاز نے دو اور ثناء میر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کو جیت کے لیے 378 رنز کا ہدف ملا تاہم قومی ٹیم ابتداء ہی سے مشکلات کا شکار رہی۔ 67 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کے تین کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔ پاکستان کی اننگز کے دوران ہونے والی بارش کی وجہ سے میچ کو 29.2 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا جبکہ ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت پاکستان کو جیت کے لیے 217 رنز کا ہدف ملا۔

مقررہ 29.2 اوور تک پاکستان ٹیم تین وکٹوں کے نقصان پر محض 107 رنز بناسکی، عائشہ ظفر 56 اور نین عابدی 23 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ اس سے قبل پاکستان کو ایونٹ کے اپنے پہلے میں جنوبی افریقا کے ہاتھوں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پاکستان ورلڈ کپ میں اپنا اگلا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف 2 جولائی کو ڈربی میں کھیلا گا جبکہ اس کے بعد پاکستان کے میچز آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز سے ہوں گے۔ اب تک کھیلے گئے میچز کے بعد پاکستان ویمنز ٹیم دو میچوں میں دو شکست کے بعد آخری یعنی 8 ویں نمبر پر ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں