سری لنکن فاسٹ بولر ملنگا پر ایک سال کی معطل پابندی

وزیر کھیل کو بندر کہنے پر لسیتھ ملنگا پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ بھی عائد کیا گیا


ویب ڈیسک June 27, 2017
ملنگا پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ — فوٹو : فائل

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کنٹریکٹ کی خلاف ورزی پر فاسٹ بولر لسیتھ ملنگا کو ایک سال کے لئے معطل کردیا۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب جاری کیے جانے والے اعلامیے کے مطابق فاسٹ بولر لسیتھ ملنگا سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے قائم کردہ خصوصی انکوائری پینل کے سامنے پیش ہوئے جہاں انہوں نے خود پر عائد الزامات کو تسلیم کیا اور معافی بھی مانگی جس کے بعد ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں فاسٹ بولر کو ایک سال کے لیے معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم چھ ماہ کی سزا معطل تصور کی جائے گی اور اگر اس عرصے کے دوران ملنگا نے دوبارہ کنٹریکٹ کی خلاف ورزی کی تو پھر ان پر سزا کا اطلاق ہوجائے گا۔ اس کے علاوہ ملنگا سے ایک ون ڈے میچ کی فیس کا 50 فیصد حصہ بطور جرمانہ بھی وصول کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے اعلان کردہ سزا کے باوجود وہ زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز میں ٹیم کا حصہ ہوں گے اور ان کا نام 13 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا جاچکا ہے۔ ملنگا کے خلاف تحقیقات کرنے والی تین رکنی انکوائری کمیٹی میں سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری موہن ڈی سلوا، سی ای او ایشلے ڈی سلوا اور ڈسپلنری کمیٹی کے سربراہ اسیلا ریکاوا شامل تھی۔

یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں نہ پہنچنے پر سری لنکا کے وزیر کھیل نے کہا تھا کہ کرکٹرز بہت موٹے اور مقابلے کی سکت نہیں رکھتے جس پر لسیتھ مالنگا نے وزیر کا بندر سے موازنہ کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں