پرچی مافیا اور اغوا برائے تاوان میں ملوث ملزمان کا خاتمہ کیا جائے

تاجروں اور عوام کی جان و مال کا تحفظ بھی یقینی بنایاجائے، حق پرست ارکان اسمبلی

تاجروں اور عوام کی جان و مال کا تحفظ بھی یقینی بنایاجائے، حق پرست ارکان اسمبلی

حق پرست ارکان قومی اسمبلی نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں بھتہ مافیا ، پرچی مافیا اور اغوابرائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث جرائم پیشہ عناصر کے ٹولے کا فی الفور خاتمہ کرکے تاجروں ، صنعتکاروں ، کاروباری افراد اور عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔


اپنے مشترکہ بیان میں انھوں نے کہاکہ جرائم پیشہ عناصر پر مشتمل بھتہ مافیا اور پرچی مافیا جس طریقے سے کراچی میں تاجروں ، صنعتکاروں اور دکانداروں سے بھتہ وصول کررہی ہے انھیں اغوا کررہی ہے، بھتہ نہ دینے کی پاداش میں دستی بموں اور فائرنگ کرکے نشانہ بنارہی ہے اور ان سب کارروائیوں کے باوجود قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ان کے خلاف ٹھوس اقدامات نہ کرنااس بات کا ثبوت ہے کہ ایک منظم سازشی منصوبے کے تحت کراچی کا امن و سکون غارت کرکے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کیاجارہا ہے۔

انھوں نے کہاکہ جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کا عمل جرائم کو ہی فروغ دینے کا سبب بنتا ہے اور جو عناصر یہ سمجھ رہے ہیں کہ وہ جرائم پیشہ افراد کے ذریعے کراچی میں لوٹ مار اور بھتہ خوری کا بازار گرم کرکے اپنی اجارہ داری قائم کرلیں گے وہ دراصل احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، حق پرست ارکان قومی اسمبلی نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ، وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں جرائم پیشہ عناصر پر مشتمل بھتہ مافیا اور پرچی مافیا کا فی الفور خاتمہ کیا جائے۔
Load Next Story