کراچی کے مختلف علاقوں میں دوسرے روزبھی بارش

بارش کا سلسلہ آج رات تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا جس کے بعد معطل صاف ہوجائے گا، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک June 29, 2017
شہرقائد میں مون سون کی باقاعدہ بارشوں کا دورانیہ 15 جولائی سے 15 ستمبر ہے، محکمہ موسمیات: فوٹو: فائل

شہرقائد کے مختلف علاقوں میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھاربارش کا سلسلہ جاری ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق کراچی اور گرد و نواح میں دوسرے روز بھی صبح سے ہی موسم ابر آلود تھا، جمعرات کی صبح بارش کا آغاز سہراب گوٹھ ، نئی کراچی، اسکیم 33، گلشن معماراوردیگرعلاقوں سے بارش کا آغازہوا اور شہر کے مختلف علاقوں میں ابرکرم برسنا شروع ہوئے۔

ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات ڈاکٹرحنیف کا کہنا ہے کہ حیدرآباد، میرپورخاص سمیت جنوبی سندھ میں 3 دن سے غیرمعمولی حبس ہے، اگلے 2 روز میں حیدر آباد، مٹھی، بدین،ٹھٹھہ، عمرکوٹ میں بادل برسیں گے جب کہ آئندہ 24 سے36 گھنٹوں میں کراچی میں معمول کی بارش کا ایک اورسلسلہ آئے گا۔

دوسری جانب شہرکے مختلف علاقوں میں پہلے دن ہی بارش کو انتظامیہ نے رحمت سے زحمت بنادیا۔ کئی علاقوں میں 20 گھنٹے بعد بھی بجلی بحال نہیں ہوسکی، کے ایم سی ، سی ایم سیز، کنٹونمنٹ عملہ اورکے پی ٹی کے اہلکاراپنے اپنے زیر انتظام علاقوں میں سڑکوں اور فلائی اوورز سے پانی کی نکاسی کے لیے اقدامات کررہے ہیں تاہم کئی برسوں کی غفلت ان کے کاموں کو بری طرح متاثر کررہی ہے۔

اس خبرکو بھی پڑھیں: ملک بھرمیں آج پھرموسلا دھاربارش کا امکان

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روزکراچی کے علاقے لانڈھی میں 34، نارتھ کراچی 33، صدر25، گلشنِ حدید24، ائیرپورٹ، ناظم آباد اور ماڈل کالونی میں 23، پی اے ایف مسرور ایئر بیس 16 جب کہ پی اے ایف فیصل ایئر بیس میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کا یہ سلسلہ آج رات تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا جس کے بعد معطل صاف ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ شہر میں مون سون کی پہلی بارش کے دوران مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں 4 افراد جاں بحق جبکہ سڑکوں پرپھسلن کے باعث ایک درجن سے زائد موٹرسائیکل سوارگرکرزخمی ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں