KARACHI:
آئی سی سی وومنز کرکٹ ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے ہرادیا، ایونٹ میں مسلسل دو شکستوں کے بعد قومی ٹیم کی سپر سکس مرحلے میں پہنچنے کے امکانات بھی معدوم ہوگئے ہیں۔
بھارتی شہر کٹک کے بارہ بتی کرکٹ اسٹیڈیم کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ لیکن دوسرے میچ میں بھی قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام ہوگئی اور پوری ٹیم صرف 104 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئی۔پاکستان کی جانب سے سماویہ اقبال 22 ، بسمہ معروف 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے کینڈی نے 4 جبکہ ڈولان اور براؤنے نے 2 ،2 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں کیویز نے مطلوبہ ہدف 29 ویں اوور میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر ہی حاصل کرلیا۔ سوزی بیٹس نے 65 رنز بنا کر نمایاں رہی۔ ثنا میر نے 2 اور سمعیہ صدیق نے ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ میگا ایونٹ میں پاکستان کی یہ مسلسل دوسری ناکامی ہے جس کے بعد قومی ٹیم کے سپر سکسز مرحلے تک رسائی کے امکانات بھی انتہائی معدوم ہوگئے۔