جام یوسف پرویز مشرف کے دور اقتدار میں وزیر اعلی بلوچستان رہے۔ فوٹو: فائل
سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام محمد یوسف کو ان کے آبائی علاقے بیلہ میں ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کردیا گیا۔
جام محمد یوسف ہفتے اور اتوار کی رات اسلام آباد میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے، ان کی میت اتوار کی صبح کراچی لائی گئی جہاں سے ان کے جسد خاکی کو بیلہ پہنچایا گیا۔ جہاں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔جس میں مسلم لیگ (ق) کے مرکزی سیکرٹری جنرل مشاہد حسین، سابق صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو، سابق سپیکر بلوچستان اسمبلی اسلم بھوتانی، سندھ کے وزراء نادر مگسی، حلیم عادل شیخ اور سینیٹر طارق مگسی سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مرحوم کو ان کے آبائی قبرستان بڑا باغ میں سپرد خاک کردیا گیا۔
جام یوسف 1954 میں سابق ریاست لسبیلہ کے والی جام غلام قادر علیانی کے ہاں پیدا ہوئے ، وہ ایک مرتبہ ضلع کونسل لسبیلہ کے چیئرمین اور متعدد مرتبہ رکن قومی و صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے، 2002 میں وہ وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب ہوئے۔ اکبر بگٹی کے قتل کے خلاف بحیثیت ملزم نامزدگی پر وہ کچھ عرصہ بیرون ملک چلے گئے تھے تاہم پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ق کے درمیان اتحاد کے بعد وہ وطن واپس لوٹے اور انہیں وفاقی وزیر برائے نجکاری کا قلمدان سونپا گیا۔