سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام یوسف کا انتقال

جام یوسف ایسے بلوچ سیاست دان تھے جن کا جینا اور مرنا پاکستان کے ساتھ رہا ۔


Editorial February 03, 2013
جام یوسف پرویز مشرف کے دور اقتدار میں وزیر اعلی بلوچستان رہے۔ فوٹو: فائل

PESHAWAR: بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ اور موجودہ حکومت کے وفاقی وزیر نجکاری جام میر محمد یوسف ہفتے کی رات اسلام آباد میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے(انا للہ وانا الیہ راجعون) ان کی عمر 59 برس تھی۔ ان کا تعلق بلوچستان کے ضلع لسبیلہ سے تھا۔ جام محمد یوسف جنرل پرویز مشرف کے دور میں بلوچستان کے وزیراعلیٰ رہے۔ وہ 2002ء سے 2007ء تک اس عہدے پر فائز رہے۔ 2008ء کے الیکشن میں وہ مسلم لیگ (ق) کے ٹکٹ پر لسبیلہ سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

جام محمد یوسف کا شمار بلوچستان کے اہم سیاست دانوں میں ہوتا ہے' وہ ایسے بلوچ سیاست دان تھے جن کا جینا اور مرنا پاکستان کے ساتھ رہا ۔ ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان میں روایتی سرداروں اور نوابوں جیسا تکبر یا رعونت نہیں تھی۔ وہ انتہائی ملنسار اور عوام دوست سیاست دان تھے۔ مہمانوں کو اپنے ہاتھ سے کھانا بنا کر دیتے تھے۔ ان کی موت سے بلوچستان ہی نہیں بلکہ پاکستان ایک اہم اور محب الوطن سیاست دان سے محروم ہو گیا ہے۔ ہماری دعا ہے کہ خدا انھیں جنت الفردوس میں جگہ دے اور ان کے لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے(آمین)

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں