امریکا بھارت گٹھ جوڑ خطے کے لیے خطرہ

پاکستان نے ٹرمپ اورمودی کی ملاقات کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے کو مسترد کر دیا ہے


Editorial June 30, 2017
فوٹو فائل

ISLAMABAD: امریکا اور بھارت نے ایک مشترکہ اعلامیے میں پاکستان سے کہا ہے کہ وہ اپنی سرزمین دیگر ممالک میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے استعمال نہ ہونے دے، ٹرمپ نے بھارت کے ساتھ مل کر دنیا سے اسلامی انتہا پسندی کے خاتمے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ یہ تھا ڈونلڈٹرمپ اور نریندر مودی ملاقات کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے کا لب لباب۔ بھارتی وزیراعظم کی امریکا یاترا میں جدید ملٹری ٹیکنالوجی اور کھلی ایٹمی تجارت کے معاہدوں نے خطے میں طاقت کے توازن کو بگاڑنے کی بلاشبہ ہولناک بنیاد رکھ دی ہے۔

پاکستان نے ڈونلڈ ٹرمپ اور نریندرمودی کی ملاقات کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے کو مسترد کر دیا ہے۔ یہی وہ امریکا ہے جس نے نریندر مودی پر بھارت میں مسلمانوں کے قتل عام کرانے پر اپنے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر رکھی تھی اور آج امریکی صدر انھیں اپنا سچا دوست کہہ کر مخاطب کر رہے ہیں۔ امریکا کو عالمی سپرپاور ہوتے ہوئے خطے میں امن کی کوشش کرنی چاہیے تھی نہ کہ خطے میں اسلحے کی نئی دوڑ۔ جو معاہدے منظر عام پر آئے ہیں ان کے مطابق امریکا بھارت کو خطے کا تھانیدار بنانا چاہتا ہے۔ یہ وہی بھارت ہے کہ جس نے پاکستان کو دولخت کیا، خطے کے دیگر چھوٹے ممالک کو ہر وقت پریشان کیے رکھتا ہے، کنٹرول لائن اور کشمیر کی صورتحال دیکھیے، شک کی کوئی گنجائش ہی نہیں۔ بھارت نے سرحد پار سے کالعدم تحریک طالبان کو پاکستان کے خلاف پراکسی وار کے طور پر استعمال کیا ہے۔

اس لیے پاکستان اور خطے کو غیر مستحکم کرنے کے بھارتی عزائم کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔پیوریسرچ کی جانب سے37 ممالک میں کیے جانے والے سروے سے معلوم ہوا ہے کہ زیادہ تر افراد کی نظر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مغرور، غیر روادار اور خطرناک ہیں۔ جب کہ مودی کے دامن پر بے گناہ مسلمانوں کے خون کے چھینٹے ہیں۔ یہ ملاقات دو انتہائی متعصب ترین، تنگ نظر اور امن کے دشمن سربراہان مملکت کی ملاقات تھی۔ جس کے نتیجے میں مقبوضہ کشمیر میں حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کو عالمی دہشت گرد قرار دے کر پابندیاں عائد کر دیں، جس کی پاکستان اور ایمسنٹی انٹرنیشنل نے مذمت کی ہے۔ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل نہ ہونے کے نتیجے میں اپنے حق آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ دراصل جو دہشت گردی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں وہ خود ہی مسلمانوں پر ستم ڈھا رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں