عید ختم ہوتے ہی روئی کی قیمتیں منہ کے بل آگریں

نرخ 350 روپے گھٹ کر6200 روپے من رہ گئے، 2 ہفتے میں 800 روپے کمی، کسان پریشان


Business Desk June 30, 2017
اپٹماکے احتجاج کانتیجہ ہے،جنرز،بارشوں سے کپاس کی فصل پروائرس کے حملے کا خدشہ ظاہر فوٹو : فائل

ISLAMABAD: عیدالفطر کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد پہلے ہی کاروباری روز روئی کی قیمتوںمیں ریکارڈ کمی ہوئی، روئی کی قیمتیں 250 سے350 روپے کمی کے بعد 6 ہزار200 روپے فی من رہ گئیں، صرف 2 ہفتوں کے دوران روئی کی قیمتوں میں 800 روپے فی من تک کمی ہوچکی ہے جس کی وجہ سے کسانوں اور کاٹن سیکٹر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ تقریباً 2 ہفتے قبل جب پاکستان میں نئے کاٹن ائر کا آغاز ہوا تھا تو نئی روئی کے سودوں کا آغاز 7 ہزار روپے فی من سے ہوا تھا اور توقع ظاہر کی جا رہی تھی کہ روئی کی قیمتوں میں مزیداضافے کا رجحان سامنے آئے گا جس سے کاشت کاروں کی فی ایکڑ آمدنی میں بھی اضافہ متوقع تھا مگر بین الاقوامی منڈیوں میں روئی کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی اور پاکستان میں اپٹما کی جانب سے مطالبات کی منظوری نہ ہونے کے باعث ٹیکسٹائل ملز بند کرنے کے فیصلے کے باعث روئی کی قیمتوں میں کمی کا رجحان سامنے آیا جس سے پھٹی کی قیمتوں میں بھی ریکارڈ کمی کے باعث کاشت کاروں میں تشویش کی لہر دیکھی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر کے کاٹن زونز میں ہونے والی شدید بارشوں کے باعث کپاس کی فصل پر وائرس اور ملی بگ کے حملے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں، اس لیے کسانوں کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر بارش کا پانی کھیتوں سے باہر نکال کر فصل سے جڑی بوٹیوں کا بھی مکمل خاتمہ کریں تاکہ وائرس اور ملی بگ کے حملے سے کپاس کی فصل کو محفوظ رکھا جا سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔