نیوگوادرانٹرنیشنل ایئرپورٹ پر’اے 380‘ طیارہ اترسکے گا

حکومت نے سی اے اے کوپروجیکٹ کی تیز تر تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کردی

حکومت نے سی اے اے کوپروجیکٹ کی تیز تر تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کردی فوٹو؛ فائل

ISLAMABAD:
چائنا پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے(سی پیک) کے تحت گوادر میں بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دنیا کے بڑے مسافر طیارے 'اے 380'کے اترنے کی سہولت موجود ہو گی، نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کیلیے 4300 ایکڑ اراضی مختص کر دی گئی ہے۔


چائناپاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت توانائی اور انفرااسٹرکچر کے منصوبوں کے علاوہ رواں سال گوادر میں بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا جائےگا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے حالیہ دورہ چین کے دوران چینی حکومت کی جانب سے گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر کیلیے گرانٹ منظور کرلی گئی تھی جس کے بعد حکومت نے ایئر پورٹ کے تعمیراتی منصوبے پر کام تیز کردیا ہے، ایئرپورٹ کی تعمیر کیلیے 4300ایکٹر اراضی مختص کر دی گئی ہے۔

حکومت نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کواس پروجیکٹ کی تیز تر تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق گوادر کی بندرگاہ پر 230 ملین ڈالر کی لاگت سے تعمیر ہونیوالے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دنیا کے سب سے بڑے مسافر بردار طیارے 'اے 380'کے اترنے کی سہولت موجود ہو گی، گوادر ایئر پورٹ کی تکمیل سے بلوچستان بالخصوص گوادر میں جدید سفری سہولتیں میسر آئیں گی جس سے نہ صرف آمدورفت میں آسانی ہوگی بلکہ بڑے پیمانے پر اقتصادی سرگرمیوں کا آغاز ہو گا، اس منصوبے سے ہزاروں کی تعداد میں مقامی افراد کو بلاواسطہ اوربالواسطہ روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، گوادار ایئر پورٹ کے ساتھ گوادر ماسٹر سٹی پلان، ایسٹ بے ایکسپریس وے، گوادار اسپتال کی اپ گریڈیشن اور آبنوشی منصوبوں پر بھی کام تیز کردیا گیاہے۔
Load Next Story