کنفیڈریشن کپ فٹبال رونالڈو کا جادو نہ چل سکا چلی کی فائنل میں رسائی

مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے، کوچ فاتح ٹیم جوآن انٹونیو پیزی


AFP/Sports Desk June 30, 2017
گول کیپر کلاڈیو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں پرتگال کی تینوں پنالٹیز روکنے میں کامیاب، مقررہ اور اضافی وقت میں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں فوٹو: فائل

کنفیڈریشن فٹبال کپ میں کرسٹیانو رونالڈو کا جادو نہ چل سکا، چلی نے پرتگال کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر3-0 سے شکست دیتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

گول کیپر کلاڈیو براوو نے حریف پلیئرز کی تینوں پنالٹیز روک کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ روس کے شہر قازان میں کھیلے جانے والے پہلے سیمی فائنل میں یورپیئن چیمپئن پرتگال اور کوپا امریکا چیمپئن چلی کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا، دونوں ٹیموں نے کھیل کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کیے لیکن مقررہ وقت تک کوئی ٹیم بھی گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی، فاضل وقت میں بھی میچ برابر رہنے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ پر میچ کا فیصلہ ہوا۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے چلی کے گول کیپر کلاڈیو براوو نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پرتگال کی جانب سے ریکارڈو کواریزما، جوآؤموتینہو اور نینی کی جانب سے لگائی جانے والی پنالٹیز کو روکا جبکہ چلی کے تینوں پلیئرز گول کرنے میں کامیاب ہوئے۔ فاتح ٹیم کی جانب سے آرتورو ویڈال ، چارلس ارنگواز اور الیکسز سانچیز نے بال کو جال میں پہنچایا۔

پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اپنا جادو نہ جگا سکے۔ تاریخی فتح پر چلی میں جشن منایا گیا اور دارالحکومت سنتیاگو میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور پلیئرز کے حق میں نعرے لگائے۔ 34 سالہ کلاڈیو براوو نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنالٹی شوٹ آؤٹ کا وقت ناقابل یقین اور دباؤ سے بھرپور تھا، ہماری ٹیم کبھی ہار نہیں مانتی، یہی وجہ ہے کہ ہم یہ کارنامہ انجام دینے میں کامیاب ہوئے، میچ کے نتیجے سے مطمئن ہیں تاہم ہم اب بھی اپنی منزل سے ایک قدم کی دوری پر ہیں۔ چلی کی جانب سے پہلی کامیاب پنالٹی لگانے والے وڈال نے کہا کہ میچ کا اختتام بہت دلچسپ انداز میں ہوا، پلیئرز بہادری سے کھیلے اور میچ کا نتیجہ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔

فاتح ٹیم کے کوچ جوآن انٹونیو پیزی نے کہا کہ مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے، کلاڈیو نے پنالٹیز بچاتے ہوئے ٹیم کو فتح دلائی، ان میں حریف پلیئرز کے ارادوں کو قبل از وقت بھانپنے کی حیران کن صلاحیت موجود ہے، فائنل میں جو ٹیم بھی مدمقابل آئی، اسے ہرانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ کوپا امریکا کے 2 ٹائٹلز پر قابض چلی کی ٹیم اب کنفیڈریشن کپ بھی اپنے شوکیس میں سجانے کیلیے تیار ہے، اتوار کو سینٹ پیٹرز برگ میں شیڈول فائنل میں چلی کا مقابلہ جرمنی اور میکسیکو میں ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔ تیسری پوزیشن کیلیے پرتگال کا مقابلہ دوسرے سیمی فائنل میں ہارنے والی ٹیم سے اتوار کو ماسکو میں ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں