پیپلز پارٹی نے دشمنوں کی پیش گوئیاں ہمیشہ غلط ثابت کیں بلاول

2018 میں ملک سمیت کراچی میں بھی پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی


Staff Reporter June 30, 2017
پارا چنار جانے والے پی پی وفد کے ہیلی کاپٹر کو ینڈنگ کی اجازت نہ دینے پر برہمی، مذمت فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیپلز پارٹی کے ایک وفد کو جوشمالی علاقہ جات میں بم دھماکوں کے متاثرین سے اظہار ہمدردی کیلیے پارا چنار جانا چاہتا تھا وہاں لینڈنگ کی اجازت نہ دینے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سخت مذمت کی ہے۔ وفد میں سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک اور فیصل کریم کنڈی بھی شامل تھے۔

بلاول نے وفاقی حکومت سے سوال کیا ہے کہ اس نے پارا چنار کو نو گو ایریا کیوں بنادیا ہے؟ انھوں نے کہا کہ اس سفاکانہ واقعے کے بعد کوئی بھی حکومتی نمائندہ متاثرین سے اظہارہمدردی کیلیے وہاں نہیں گیا جب پیپلز پارٹی کے وفد نے وہاں جانے کی کوشش کی تو اس کے ہیلی کاپٹر کو وہاں اترنے کی اجازت نہیں دی گئی اور وفد کے ارکان کو مجبور کیا گیاکہ واپس لوٹ جائیں۔ بلاول نے کہا کہ پارا چنار ملک کا حصہ ہے اور وہاں کے لوگوں کو ایک ایسے موقع پر بے یارو مدگار چھوڑ دیا گیا ہے جب وہ دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہیں، پیپلز پارٹی کیلیے یہ بات کسی طور بھی قابل قبول نہیں ہوسکتی۔ انھوں نے پارہ چنار کے لوگوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے ساتھ انصاف کرنے اور مکمل تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ دریں اثناپیپلز پارٹی کے چیئرمین سے جمعرات کوپیپلز پارٹی سندھ ایگزیکٹو، کراچی ایگزیکٹو اور ضلعی عہدے داران نے عید ملی ۔ بلاول ہائوس میں ہونے والی ملاقات میں پارٹی کے کراچی سے منتخب ارکان بھی شامل ہیں۔ ملاقات میں آصفہ بھٹو زرداری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پی پی کے چیئرمین نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں پیپلز پارٹی شاندار فتح حاصل کریگی۔ پیپلز پارٹی نے دشمنوں کی پیش گوئیاں ہمیشہ حیرت انگیز طور پر غلط ثابت کی ہیںاور 2018 میں ملک سمیت کراچی میں بھی پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔ سعید غنی کا ضمنی انتخاب کراچی میں عوامی فتوحات کی شروعات ہونگی۔ بلاول نے کارکنان سے کہا کہ وہ کمر کس لیں اور 2018 پر فوکس کریں۔ پارٹی رہنمائوں نے پی پی چیئرمین کو باری باری عید کی مبارک باد دی ۔ ملاقات کرنیوالوں میں نثار کھوڑو، مولا بخش چانڈیو، وقار مہدی، راشد ربانی، ڈاکٹر عاصم حسین، سینیٹر عاجز دھامرا، مکیش چاولہ، سینیٹر سعید غنی، شہلا رضا،حکیم بلوچ، مرتضیٰ بلوچ، جاوید ناگوری، ساجد جوکھیو، سلمان عبداللہ مراد اور دیگرشامل تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔