عراق کا داعش کی خلافت ختم کرنے کا اعلان

سیکیورٹی فورسزنے8 ماہ کی شدیدلڑائی کے بعدتاریخی النوری مسجدکاکنٹرول سنبھال لیا

جھوٹ کی ریاست کاخاتمہ ہوگیا،عراقی ٹی وی،داعش کاکھیل ختم ہونیوالاہے،برطانیہ،دہشتگردتنظیم زیرتسلط 60 فیصدسے زائدعلاقے سے محروم ہوچکی ، رپورٹ فوٹو : فائل

موصل میں850 سال پرانی تاریخی النوری مسجد پر کنٹرول کے بعدعراقی فورسزنے داعش کی خلافت کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔

عراقی فورسز نے8 ماہ کی شدید لڑائی کے بعد داعش کے شدت پسندوں کو پسپا کرکے تاریخی النوری مسجد پرکنٹرول حاصل کیا ہے، داعش نے 3سال قبل مسجد پر قبضہ کرکے خلافت کا اعلان کیا تھا، داعش کا اب بھی موصل کے کچھ حصے پر قبضہ ہے تاہم عراقی فورسز کا کہنا ہے کہ چند دنوں میں موصل کے باقی حصے پر بھی کنٹرول حاصل کرلیا جائیگا، مسجد پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد عراقی فورسز کو بہت بڑی علامتی فتح ہوئی ہے۔


عراقی فوج کے بریگیڈیئر جنرل یحییٰ رسول نے کہا کہ داعش کی خلافت کا خاتمہ کردیا گیا ہے، ایک ہفتہ قبل داعش نے مسجد کو شہید کردیا تھا، عراق کا ریاستی ٹی وی چینل داعش کے خاتمے کی خوشیاں منا رہا ہے، چینل نے کہا کہ جھوٹ کی ریاست کا خاتمہ ہو گیا ہے، امریکی فضائیہ بھی عراقی فورسز کی مدد کررہی ہے،برطانوی وزیر دفاع سرمائیکل فیلن نے کہا ہے کہ عراق میں 3برس قبل شدت پسند کارروائیوں کا آغاز کرنے والی تنظیم دولت اسلامیہ کا کھیل اب ختم ہونے والا ہے، ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عراقی افواج ملک میں اس شدت پسند تنظیم کے سب سے مضبوط گڑھ سمجھے جانے والے شہر موصل میں کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے, مائیکل فیلن کا کہنا ہے کہ برطانوی فضائیہ نے عراقی افواج کے ساتھ موصل کو آزاد کروانے کے لیے دولتِ اسلامیہ کے 700 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دولتِ اسلامیہ رقہ میں بھی اپنا تسلط کھو رہی ہے, امریکی اتحاد میں شامل برطانوی فوج نے حالیہ مہینوں میں عراق میں دولتِ اسلامیہ کے خلاف فضائی کارروائیاں کی ہیں،داعش نے شام میں اپنے زیر کنٹرول علاقہ کے تمام کاروباری افراد اور اداروں کو داعش کی جاری کردہ کرنسی درہم استعمال کرنے کا حکم دے دیا ہے، داعش نے ایک درہم کی قیمت 1.80 ڈالرز اور 1000 شامی پونڈز مقرر کی ہے ، داعش کے عسکریت پسند گروپ کا اب شام کے زیادہ علاقے پر کنٹرول نہیں اوراب داعش رقہ نامی علاقہ تک محدود ہے جہاں پر یہ عسکریت پسند اب امریکی محاصرے میں آرہے ہیں۔
Load Next Story