ایف بی آر 22ہزار سے زائد نان فائلرز کو نوٹسز جاری

آر ٹی اوز کی طرف سے نان فائلرز کو جاری کردہ نوٹس کا 30دن میں جواب دینے کی مہلت دی گئی ہے۔

چیئرمین ایف بی آر علی ارشد حکیم نے پلان بی پر عملدرآمد کی نگرانی اور انفورسمنٹ کی ذمہ داری ایف بی آر کے سینئر ممبر اسرار روف کو سونپی ہے۔ فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے پلان بی پر عملدرآمد کرتے ہوئے 24 لاکھ 99 ہزار 39 نان فائلرز میں سے 22 ہزار نانفائلرز کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔

اس ضمن میں ایف بی آر کے سینئر افسر نے ''ایکسپریس''کو بتایا کہ 22 ہزار سے زائد نان فائلرزکو ریجنل ٹیکس آفسز اور ایل ٹی یوز کی طرف سے جاری کیے گئے ہیں۔ ملک بھر میں قائم اٹھارہ ریجنل ٹیکس آفسز کو نان فائلرز کے بارے میں مکمل ڈیٹا و دستاویزی معلومات پر مبنی ثبوتوں کی سی ڈیز بھجوائی گئی ہیں، جس میں ان نان فائلرز کے نام پتہ سمیت دیگر تمام معلومات دی گئی ہیں۔

حکام نے بتایا کہ آر ٹی اوز کی طرف سے نان فائلرز کو جاری کردہ نوٹس کا 30دن میں جواب دینے کی مہلت دی گئی ہے، جبکہ نان فائلرز کے خلاف 90 سے 120دنوں کے دوران کاروائی مکمل کی جائیگی۔ حکام نے بتایا کہ پلان بی کے تحت نان فائلرز کے خلاف کاروائی کی مانیٹرنگ کیلیے ایف بی آر ہیڈ کوارٹر میں چیف آپریشن مس فارینہ مظہر کی سربراہی میں خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے اور ملک بھر کے آر ٹی اوز اور ایل ٹی یوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ نان فائلرز سے ٹیکس وصولی اور ریٹرن وصولی کے حوالے سے ہفتہ وار بنیادوں پر ایف بی آرکو رپورٹ پیش کی جائے۔ حکام نے بتایا کہ ملک کی 193 کمپنیاں بھی انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کروارہی ہیں۔




انہوں نے بتایا کہ ان نان فائلرز کو موقع دیا جائیگا کہ وہ انکم ٹیکس گوشوارے اوراپنے ذمے واجب الادا ٹیکس واجبات جمع کروائیں، تاہم جو کمپلائنس نہیں کریں گے انکے خلاف کاروائی کی جائے گی اور یہ کاروائی 120 دن میں مکمل کی جائے گی اور تمام آر ٹی اوز کو پابند بنایا گیا ہے کہ وہ نان فائلرز کی طرف سے جمع کروائے جانے والے انکم ٹیکس گوشواروں اور ٹیکس واجبات کی ہفتہ وار بنیادوں پر ایف بی آر ہیڈ کوارٹر کو رپورٹ بھجوائیں اور اس آپریشن کی مانیٹرنگ کیلیے ایف بی آر کی چیف آپریشن مس فاریبہ مظہر کی سربراہی میں ایف بی آر ہیڈ کوارٹر میں خصوصی سیل بھی قائم کردیا گیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ چیئرمین ایف بی آر علی ارشد حکیم نے پلان بی پر عملدرآمد کی نگرانی اور انفورسمنٹ کی ذمہ داری ایف بی آر کے سینئر ممبر اسرار روف کو سونپی ہے جس کیلیے اسرار روف کو ہدایت کی گئی کہ وہ آر ٹی اوز کے دورے کریں اور ان کی کارکردگی کا جائزہ لیں۔ حکام نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں اسرار روف کراچی کا دورہ مکمل کر چُکے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ آر ٹی او ون کراچی میں 3 لاکھ 3 ہزار 63نان فائلرز، آر ٹی او ٹو کراچی میں 42 ہزار 10 نان فائلرز،آر ٹی او تھری کراچی میں2 لاکھ 93ہزار251 نان فائلرز،آر ٹی او اسلام آباد میں 1لاکھ 22ہزار72 نان فائلرز، آر ٹی او راولپنڈی کی طرف سے 2لاکھ 7 ہزار6نان فائلرز، آر ٹی او لاہور کی طرف سے 2 لاکھ 69ہزار549 نان فائلرز، آر ٹی او فیصل آباد کی طرف سے 1 لاکھ 86 ہزار136 نان فائلرز، آر ٹی او ملتان کی طرف سے 1 لاکھ 68ہزار 8 نان فائلرز ،آر ٹی او سیالکوٹ کی طرف سے 1 لاکھ 1 ہزار938 نان فائلرز اور آر ٹی او پشاور کی طرف سے 1 لاکھ 93ہزار598 نان فائلر کو نوٹس جاری کرنا شروع کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ لارج ٹیکس پیئر یونٹ (ایل ٹی یو) لاہور کی طرف سے 32کمپنیوں کو، ایل ٹی یو کراچی کی طرف سے 103کمپنیوں کو اور ایل ٹی یو اسلام آباد کی طرف سے 58کمپنیوں کو نوٹس جاری کیے جارہے ہیں۔
Load Next Story