دہشتگردی اورانتہاپسندی کومتحد ہوکرشکست دیں گے ترجمان پاک فوج

پورے پاکستان کی سکیورٹی اور عوام ہمارے لئے برابر ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک June 30, 2017
پوری افغان سرحد پرباڑ لگانے کا عمل شروع کردیا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر: فوٹو: فائل

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفورکا کہنا ہے کہ ہم کسی بھی فرقے سے بالاتر صرف پاکستانی اور مسلمان ہیں اور انتہاپسندی کو متحد ہوکر شکست دیں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل آصف غفورنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستانی اورمسلمان ہیں، دہشتگردی اور انتہا پسندی کو اکھٹے ہوکر شکست دیں گے، دھرنا دینے والوں کے سیاسی اور سکیورٹی مطالبات ہیں، پورے پاکستان کی سکیورٹی اور عوام ہمارے لئے برابرہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آرنے کہا کہ آرمی چیف نے اضافی دستوں اور سیف سٹی منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے سکیورٹی صورتحال مزید بہتر کرنے کے لئے ہدایات جاری کردی ہیں، پوری افغان سرحد پر باڑ لگانے کا عمل شروع کردیا ہے، باڑ لگانے کا عمل دومرحلوں میں مکمل کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں حساس سرحدی مقامات پرباڑ لگائی جائے گی جب کہ دوسرے مرحلے میں باقی ماندہ سرحد پر باڑ لگائی جائے گی۔

دوسری جانب پارہ چنار میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے قبائلی عمائدین نے ملاقات کی، اس موقع پر عمائدین نے مقامی لوگوں کی جانب سے پاک فوج اور اس کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم صرف پاکستانی اور مسلمان ہیں، ہمارا خون پاکستان کے لئے ہے،ہم بہادر افواج کے کردار اور مشکلات کو سمجھتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر مقامی قبائلی عمائدین نے دھرنا ختم کرنے سے متعلق اپنے مطالبات بھی پیش کئے، جس پر آرمی چیف نے علاقے کی سکیورٹی سے متعلق مطالبات فوری طور پر عمل کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پارا چنار میں بازار میں عین اس وقت یکے بعد دیگرے دو بم دھماکے ہوئے تھے جب لوگوں کی بڑی تعداد عید کی خریداری میں مصروف تھی، دھماکے کے بعد متاثرین اور مقامی عمائدین نے اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا دے دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں