چین اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ سرحد پر ہزاروں فوجی تعینات

بھارتی میڈیا نے تنازع کو کئی عشروں کا سنگین ترین بحران قرار دے دیا

دونوں ممالک کی افواج اپنی پوزیشنز مضبوط اور نفری میں اضافہ کرہی ہیں —فوٹو فائل

چین اور بھارت نے شدید کشیدگی کی وجہ سے سکم سیکٹر میں سرحد پر ہزاروں فوجی تعینات کردیے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت اور چین میں کئی دہائیوں کی سب سے بدترین محاذ آرائی جاری ہے اور دونوں ممالک کی افواج نے اپنے تین تین ہزار فوجی سرحد پر تعینات کردیے ہیں۔ بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت نے بھی سرحد کا دورہ کرکے صورت حال کا جائزہ لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چین اور بھارت کی افواج کے اہلکار آپس میں لڑ پڑے


دونوں افواج مورچے بنا کر اپنی اپنی پوزیشنز مضبوط کررہی ہیں جب کہ نفری میں اضافہ کرکے ہزاروں فوجیوں کو تعینات کردیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس علاقے میں پہلے بھی دونوں فوجوں میں کشیدگی چلتی رہی ہے لیکن موجودہ محاذ آرائی انتہائی سنگین حد تک پہنچ چکی ہے جو کسی بھی وقت بڑی جھڑپ میں بدل سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: بھارت 62 کی جنگ سے سبق حاصل کرے، چین

ادھر چینی وزارت خارجہ نے بھارتی فوج پر سکم سیکٹر میں دراندازی کا الزام لگاتے ہوئے ڈوکلام کے علاقے سے فوج واپس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ چینی وزرات خارجہ کے ترجمان لو کانگ نے بھارت سے بامعنی مذاکرات کی ضرورت پر زور بھی دیتے ہوئے کہا کہ ڈوکلام غیرمتنازع طور پر چینی علاقہ ہے جہاں سے بھارت اپنی فوج واپس بلائے۔

 
Load Next Story