بانی ایم کیو ایم مہاجروں کا نام استعمال نہ کریں فاروق ستار

مہاجروں کی مظلومیت کا رونا روکر امریکا سے پاکستان کی امداد بند کرنے کا مطالبہ کرنا حماقت ہے، رہنما ایم کیو ایم پاکستان

ایم کیو ایم پاکستان عوام میں موجود ہے اور ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کررہی ہے، فاروق ستار۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ بانی ایم کیو ایم مہاجروں کا نام استعمال نہ کریں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے ایم کیو ایم لندن کے رہنماؤں الطاف حسین اور ندیم نصرت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہم قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے کاموں کی سخت مذمت کرتے ہیں۔

فاروق ستار نے کہا کہ ندیم نصرت امریکا میں پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں جس کی شدید مذمت کرتے ہیں، مہاجروں کی مظلومیت کا رونا رو کر امریکی کانگریس سے پاکستان کی امداد بند کرنے کا مطالبہ کرنا حماقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لندن سے آنے والے بیانات مہاجروں کے حق میں نہیں ، کوئی ذی شعور پاکستانی ان کی حمایت نہیں کرتا، لندن والوں کا رویہ 22 اگست کی تقریر کا تسلسل ہے اور وہ مہاجروں اور مظلوم عوام کا نام استعمال کرکے جو کام کررہے ہیں، ان کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔


فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم لندن کے پاس پاکستانی عوام کا مینڈیٹ نہیں جب کہ ایم کیو ایم پاکستان عوام میں موجود ہے اور ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

واضح رہے کہ 22 جون کو ایم کیو ایم لندن کے رہنما ندیم نصرت نے امریکی کانگریس کے رکن سینیٹر جان مکین سے ملاقات کرکے انہیں کراچی کی صورت حال کے بارے میں بریفنگ دی تھی۔

Load Next Story