پہلے ون ڈے میں زمبابوے نےلنکا ڈھادی

زمبابوے نے آئی لینڈرز کی جانب سے 317 رنز کا ہدف با آسانی حاصل کرلیا


Sports Desk June 30, 2017
زمبابوے نے آئی لینڈرز کی جانب سے 317 رنز کا ہدف با آسانی حاصل کرلیا . فوٹو : اے ایف پی

زمبابوے نے پہلے ون ڈے میں 317 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف 4 وکٹ پر عبور کرتے ہوئے سری لنکا کو شکست سے دوچار کردیا۔

سری لنکا کے گال کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹ پر 316 رنز بنائے، 16رنز پر اوپنر نروشن ڈکویلا 10 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئے جس کے بعد کوشال مینڈس اور دنوشکا گوناتھیلاکا نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 117 رنز بناتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا، گوناتھیلاکا 60 رنز بنانے کے بعد ولیمز کی گیند پر ایرون کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے۔ کوشال مینڈس 1 چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 80 گیندوں پر 86 رنز بناکر پویلین لوٹے، کریمر نے اپنی ہی گیند پر ان کا کیچ لیا، اوپل تھرنگا نے 1 چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 73 گیندوں پر 79 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ کپتان اینجلو میتھیوز 43، اسیلا گونارتنے 28 اور لاہیرو مدوشانکا ایک رن بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ زمبابوے کے ٹینڈائی چتارا نے 2 جب کہ سین ولیمز، گریم کریمر اور سولومن مائیر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

زمبابوے کی ٹیم نے 317 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 14 گیندیں پہلے ہی با آسانی حاصل کرلیا۔ میچ کی آخری گیند پر سکندر رضا نے چھکا جڑ کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ زمبابوے کی 2 وکٹیں 46 رنز پر گر چکی تھیں تاہم سولومن مائر نے سین ولیمز کے ساتھ بڑی شراکت قائم کرتے ہوئے اسکور 207 رنز تک پہنچا دیا، مائر 96 گیندوں پر 14 چوکوں کی مدد سے 112 جب کہ ولیمز 65 رنز بنا کر پویلین لوٹے، سکندر رضا اور میلکم ویلر نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 47.4 اوورز میں فتح سے ہمکنار کروا دیا۔ سکندر نے56 گیندوں پر67 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ ویلر 40 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ سری لنکا کے اسیلا گونارتنے 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے، تجربہ کار لیستھ مالنگا اور آکیلا دھنن جیا کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں