آئی پی ایل نیلامی گلین میکسویل نے میلہ لوٹ لیا

انڈین پریمیئر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کیلیے کھلاڑیوں کی نیلامی میں مجموعی طور پر 108 پلیئرز کے نام فروخت کیلیے پیش کیے گئے۔


Sports Desk February 04, 2013
آئی پی ایل کے چھٹے ایڈیشن میں 10 لاکھ ڈالر کے عوض کینگرو آل رائونڈر گلین میکسویل کی خدمات حاصل کی گئیں۔ فوٹو : فائل

آئی پی ایل کے چھٹے ایڈیشن کیلیے پلیئرز کی نیلامی کا میلہ آسٹریلوی آل رائونڈر گلین میکسویل نے لوٹ لیا۔ممبئی انڈینز نے ان کی خدمات 10 لاکھ ڈالر میں اپنے نام محفوظ کرلیں.

تفصیلات کے مطابق انڈین پریمیئر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی گذشتہ روز چنئی میں ہوئی جس میں مجموعی طور پر 108 پلیئرز کے نام فروخت کیلیے پیش کیے گئے، پورا دن کافی حیران کن رہا خاص طور پر آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک کے لیے ملین ڈالر بولی لگنے کی امید ظاہر کی جارہی تھی مگر ان کیلیے صرف ایک ہی بولی سامنے آئی۔

پونے واریئرز نے انھیں ان کی بنیادی قیمت 4 لاکھ ڈالر پر ہی خریدا، اسی طرح سابق آسٹریلوی قائد رکی پونٹنگ بھی 4 لاکھ ڈالر پر ممبئی انڈینز کا حصہ بننے میں کامیاب رہے، ممبئی نے ہی سب سے زیادہ 10 لاکھ ڈالر کے عوض کینگرو آل رائونڈر گلین میکسویل کی خدمات اپنے نام محفوظ کیں ایک اور آسٹریلوی 21 سالہ کین رچرڈ سن کو پونے واریئرز نے 7 لاکھ ڈالر میں خریدا۔



جنوبی افریقہ کی جانب سے صرف ایک انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے آل رائونڈر کرس مورس پر بھی قسمت مہربان رہی ان کی خدمات 6 لاکھ 25 ہزار ڈالر میں چنئی سپر کنگز نے اپنے نام کیں، کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے اتنی ہی رقم سری لنکا کے آف اسپنر ساچترا سینا نائیکے کے لیے ادا کی، رنگانا ہیراتھ فروخت نہیں ہو پائے تاہم اجنتھا مینڈس اس بار بھی چھائے رہے۔

اس بار پونے واریئرز نے ان کی 7 لاکھ 25 ہزار ڈالر بولی لگائی۔ بھارتی کھلاڑیوں میں ابھیشیک نائر مہنگے ثابت ہوئے، ان کیلیے پونے نے 6 لاکھ 75 ہزار ڈالر ادا کیے، سوراشٹرا کے فاسٹ بولر جے دیو انڈکٹ کو رائل چیلنجرز بنگلور نے 5 لاکھ 25 ہزار ڈالر میں خریدا، پنجاب کے فاسٹ بولر منپریت سنگھ گونی کیلیے کنگز الیون پنجاب نے 5 لاکھ ڈالر ادا کرنے کی حامی بھری۔ مجموعی طور پر 37 پلیئرز 11.9 ملین ڈالر میں فروخت ہوئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں