قائداعظم ٹرافی آخری دن خراب موسم سے متاثر سپر 8ٹیموں کا فیصلہ ہوگیا

سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کرنے والی دیگر دو ٹیموں کراچی وائٹس اور حیدر آباد نے بالترتیب 24 اور18پوائنٹس حاصل کیے.

قائداعظم ٹرافی کے ساتویں راؤنڈ میں آخری چاروں میچ بارش اور خراب موسم کے باعث ڈرا ہوگئے۔ فوٹو : فائل

LOS ANGELES:
قائداعظم ٹرافی کے ساتویں راؤنڈ میں آخری چاروں میچ بارش اور خراب موسم کے باعث ڈرا ہوگئے۔تاہم6فروری سے شروع ہونے والے سپر ایٹ رائونڈ کی ٹیموں کا فیصلہ ہو گیا،

سپر ایٹ مرحلہ کے لیے گروپ ون سے کراچی بلوز،اسلام آباد،لاہور راوی اور سیالکوٹ جبکہ گروپ ٹو سے لاہور شالیمار،راولپنڈی،کراچی وائٹس اور حیدرآباد نے کوالیفائی کر لیا،موصولہ اطلاعات کے مطابق لاہور کے ایل سی سی اے گرائونڈ پر لاہور راوی اور پشاور کے مابین میچ کے آخری روز اتوار کو محض 35 اوورز کا کھیل ہوسکا،فالو آن کے بعد پشاور نے دوسری اننگز میں 3 وکٹ پر 59 رنز بنائے۔

قبل ازیں وہ لاہور راوی کی پہلی اننگز 6 وکٹوں کے نقصان پر512رنز کے جواب میں 209 رنز بنا سکی تھی،میچ ڈرا ہونے کے بعد لاہور راوی نے 3پوائنٹس حاصل کرکے سپر ایٹ میں شرکت ممکن بنائی، پشاور پہلے ہی اس مرحلہ سے باہر ہو چکی تھی،ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں خراب موسم کے باعث آخری دن 24 اوورز کیے جا سکے،سیالکوٹ نے میزبان ٹیم کے خلاف میچ ڈرا ہونے کے بعد 3 پوائنٹس پا کر سپر ایٹ مرحلہ میں جگہ حاصل کی،سیالکوٹ نے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بنائے۔




قبل ازیں ملتان نے مہمان ٹیم کے 189 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 428 رنز بنائے تھے،گروپ بی میں آزاد جموں و کشمیر کے میر پور اسٹیڈیم میں بھی کراچی وائٹس اور فیصل آباد کا میچ موسم کی نذر ہوا،میچ کے آخری دن 25 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا،کامیابی کے لیے 350رنز کا تعاقب کرنے والی فیصل آباد نے دوسری اننگز میں 213 رنز بنائے اور اس کی6وکٹیں گریں، ذیشان نا قابل شکست 90رنز کے ساتھ پویلین لوٹے جبکہ فیصل آباد ٹورنامنٹ کی واحد ٹیم رہی جو ایک پوائنٹ بھی نہ حاصل کر سکی، پنڈی کلب میں میزبان اور بہاولپور کے مابین میچ بھی ہارجیت کے بغیر ختم ہوا۔

آخری روز بارش اور خراب موسم کے سبب ایک گیند بھی نہ پھینکی گئی، تاہم راولپنڈی نے پہلی اننگز میں برتری کی بنیاد پر 3پوائنٹس حاصل کر لیے، بہاولپور پہلے ہی سپر ایٹ مرحلہ سے باہر ہو گئی تھی،ساتویں رائونڈ کے اختتام پر گروپ ون میںکراچی بلوز36 پوائنٹ کے ساتھ سرفہرست ہوگئی، اسلام آباد 18پوائنٹس کے ساتھ دوسری، لاہور راوی اور سیالکوٹ12، 12 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پا کر حتمی مرحلہ میں شرکت کی اہل ہو گئیں،اس گروپ سے ملتان،کوئٹہ اور پشاور سپر ایٹ میں نہ جاسکیں،گروپ ٹو میں لاہور شالیمار اور راولپنڈی 30،30پوائنٹس کے ساتھ مشترکہ طور پر سر فہرست رہیں۔

جبکہ سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کرنے والی دیگر دو ٹیموں کراچی وائٹس اور حیدر آباد نے بالترتیب 24 اور18پوائنٹس حاصل کیے،اس گروپ سے ایبٹ آباد، بہاولپور اور فیصل آباد سپر ایٹ مرحلہ میں شامل نہ ہوئیں، حیدرآباد کے رضوان احمد 613 رنز کے ساتھ بیٹنگ میں سر فہرست رہے،راولپنڈی کے عمر وحید نے 528رنز کے ساتھ دوسری اور ٹرپل سنچری (308رنز) بنانے والے لاہور راوی کے عمران فرحت تیسرے نمبر پر رہے،کراچی وائٹس کے عاطف مقبول 43 وکٹیں حاصل کر کے بولنگ میں سرفہرست رہے جبکہ لاہور شالیمار کے اعزاز چیمہ نے 37وکٹوں کے ساتھ دوسری اور لاہور راوی کے عدنان رسول نے 30وکٹوں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
Load Next Story