بیڈمنٹن ’میچ تھروئنگ‘ اسکینڈل نے اولمپکس کو ہلا دیا

جان بوجھ کر مقابلے ہارنے کی کوشش کرنے والی 8 ویمن پلیئرز لندن گیمز سے باہرہوگئیں

جان بوجھ کر مقابلے ہارنے کی کوشش کرنے والی 8 ویمن پلیئرز لندن گیمز سے باہرہوگئیں، فوٹو اے ایف پی

بیڈمنٹن 'میچ تھروئنگ' اسکینڈل نے اولمپکس کو ہلا کر رکھ دیا، جان بوجھ کر مقابلے ہارنے کی کوشش کرنے والی 8 ویمنز پلیئرزکو لندن گیمز سے باہر کردیا گیا، ان میں چین کی ورلڈ چیمپئن جوڑی سمیت ڈبلز ایونٹ میں شریک انڈونیشیا کی ایک اورجنوبی کوریا کی دوٹیمیں شامل ہیں۔

بیڈمنٹن ورلڈ فیڈریشن نے نظرثانی کی اپیلیں بھی مسترد کردیں، رائونڈ روبن مرحلے میں تیسرے نمبر پر رہنے والی جوڑیوں کو کوارٹر فائنل میں جگہ مل گئی۔ تفصیلات کے مطابق خواتین کے ڈبلز بیڈمنٹن ایونٹ میں حصہ لینے والی چین اور انڈونیشیا کی ایک ایک جوڑی اور جنوبی کوریا کی دوجوڑیوں کو گیم اسپرٹ کے منافی سرگرمیوں پر ایونٹ سے باہر کردیا گیا، بیڈمنٹن ورلڈ فیڈریشن نے تصدیق کی کہ ناک آئوٹ رائونڈ میں آسان حریف پانے کیلیے میچز ہارنے کی سازش کرنے والی 8 پلیئرز کو ڈس کوالیفائیڈ کیا گیا۔


سیکریٹری جنرل تھوماس اپیلز کمیٹی کے چیئرمین نے فیصلوں پر نظرثانی کی درخواستوں کو مسترد کردیا ہے۔ اس اسکینڈل میں شامل پلیئرز پر الزام لگاکہ انھوں نے میچ جیتنے کی کوشش ہی نہیں کی جو واضح طور پر کھیل کی توہین کے مترادف ہے۔ ان جوڑیوں نے فرسٹ رائونڈ گروپ کی اسٹینڈنگز کو متاثر کرنے کی کوشش کی ، ان میں سے دو جوڑیاں پہلے ہی اگلے رائونڈ میں رسائی حاصل کرچکی اور میچ ہار کر کوارٹر فائنلز میں آسان حریفوں کا سامنا کرنا چاہتی تھیں۔

ان 8 پلیئرز میں چین کی ٹاپ سیڈ یو یانگ اور وانگ زائولی بھی شامل ہیں جنھوں نے گروپ اے میچ میں جنوبی کوریا کی جنگ کیونگ اور کم ہا نا سے مقابلہ کیا دونوں ٹیمیں ہارنے کی کوشش میں مصروف دکھائی دیں جس کو شائقین نے بھی بھانپ لیا اورفقرے کسنے کے ساتھ گالیاں تک دیں، دنیا کی ٹاپ پلیئرز ہونے کے باوجود ان کی شاٹس یا تو نیٹ سے ٹکرا رہی تھیں یا پھر باہر اور وائیڈ جارہی تھیں۔

جس پر ریفری نے بلیک کارڈ دکھا کر ان کو ڈس کولیفائیڈ کرنے کی دھمکی بھی دی، اس مقابلے میں جنوبی کورین ٹیم نہ چاہتے ہوئے جیت گئی، اسی طرح دوسرے میچ میں انڈونیشیا کی میلینا جواہری اور گریسیا پولی اور جنوبی کوریا کی ہی جنگ ایون اور کم من جنگ کے درمیان مقابلے میں بھی ایسا ہی ہوا، اس میں بھی ریفری کو وارننگ دینا پڑی۔
Load Next Story