ن لیگ اور دیگر جماعتیں آج پارلیمنٹ کے باہر دھرنا دیں گی نواز شریف

مشرف کارگل پرغلط بیانی کررہے ہیں،صدرن لیگ،چیف الیکشن کمشنر پر اظہار اعتماد، دھرنا ہر صورت ہوگا،مشاہداللہ

نئے صوبوں کاشوشہ چھوڑکرحکومت عوام کی توجہ الیکشن سے ہٹاناچاہتی ہے،مشرف کارگل پرغلط بیانی کررہے ہیں، صدر ن لیگ،چیف الیکشن کمشنر پر اظہار اعتماد، دھرنا ہر صورت ہوگا،مشاہداللہ۔ فوٹو: فائل

GURGAON, HARYANA, INDIA:
مسلم لیگ (ن) کے ارکان پارلیمنٹ آج الیکشن کمیشن کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلیے پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے دھرنادیں گے۔

دھرنے کی قیادت چوہدری نثار کریں گے، مسلم لیگ (ن) کے تمام ارکان پارلیمنٹ دھرنے میں شرکت کیلیے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں،جماعت اسلامی،مسلم لیگ (ق) ہم خیال، سنی تحریک، بلوچستان اور سندھ کی قوم پرست جماعتیں بڑی تعداد میں شرکت کریں گی، ارکان پارلیمنٹ الیکشن کمیشن کے صدردفتر تک مارچ کریں گے،مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری اطلاعات سینیٹر مشاہد اللہ نے''ایکسپریس'' کو بتایا کہ دھرنا ہر صورت میں ہوگااورپروگرام ملتوی نہیں کیا جائیگا،الیکشن کمیشن کی خودمختاری کوہر صورت یقینی بنایا جائیگا، الیکشن کمیشن پرکسی کودبائو نہیں ڈالنے دیںگے،ہم نے تمام جماعتوں کے قائدین کودھرنے میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

آزادالیکشن کمیشن شفاف انتخابات کویقینی بنانے کیلیے ضروری ہے،مسلم لیگ فنکشنل بھی دھرنے میں شرکت کرے گی۔ آن لائن اوراین این آئی نے بتایاکہ مسلم لیگ (ن) آج (پیر) دن12بجے پارلیمنٹ کے باہراحتجاجی دھرنا دے گی،جس کامقصد کراچی میں نئی حلقہ بندیوں اور گھر گھر ووٹروں کی تصدیق کا عمل شفاف بنانا ہے، اس موقع پر پارلیمنٹ ہائوس سے الیکشن کمیشن تک مارچ کیا جائیگا۔ن لیگ کی جانب سے راولپنڈی اسلام آباد کے ارکان اسمبلی حنیف عباسی،شکیل اعوان، ملک ابرار اور انجم عقیل خان کویہ ذمے داری سونپی ہے کہ وہ دھرنے میں کارکنوں کی کثیر تعداد میں شرکت یقینی بنائیں۔

جبکہ مسلم لیگ (ن)آزادکشمیر کے ارکان اور جموں وکشمیر پیپلزپارٹی نے بھی سردارخالد ابراہیم کی زیرقیادت دھرنے میں شمولیت کافیصلہ کیاہے۔ آئی این پی نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں بارش کے امکان کے پیش نظرچوہدری نثار کی ہدایت پرراولپنڈی اور اسلام آباد سے (ن)لیگ کے ارکان قومی اسمبلی نے دھرنے کے شرکا کیلیے ایک ہزارسے ڈیڑھ ہزار چھتریوں کا بندوبست کرلیا ہے جبکہ دھرنے کی جگہ پرواٹرپروف ٹینٹ نصب کیاجائے گا۔دریں اثناجدہ میں اپنی رہائشگاہ پر پاکستان جرنلسٹس فورم کے ارکان سے ملاقات میں مسلم لیگ ن کے سربراہ نوازشریف نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار اسمبلیاں اپنی مدت پوری کرنے والی ہیں اورعام انتخابات وقت پرہونگے۔




انھوں نے چیف الیکشن کمشنر پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ ایک غیر متنازع شخصیت ہیں اور وہ ملک میں شفاف الیکشن چاہتے بھی ہیں، صوبوں کی تقسیم کا شوشہ چھوڑ کے حکومت عوام کی توجہ الیکشن سے ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے اور یہ دھوکہ دینے کے مترادف ہے،حکومت نے اپنی گرتی ساکھ کو سنبھالا دینے کیلیے یہ شوشہ چھوڑا ہے، کارگل کے حوالے سے انھوں جنرل مشرف کے حالیہ بیان پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جنرل مشرف غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں جبکہ وہ کیسٹ آج بھی آن ریکارڈموجود ہے جس میں کور کمانڈروں کے اہم اجلا س کے دوران انھوں نے گفتگو کی۔

اس میں جنرل عزیز، جنرل محمود، جنرل جاوید حسن بھی موجود تھے،اس وقت کے نیول چیف، ایئرمارشل نے کارگل کے اقدام پرجنرل مشرف کو کہاتھاکہ آپ یہ کیوں کررہے ہیں،کارگل آپریشن کے بارے میں صرف 4 افرادکوعلم تھاجن میں جنرل مشرف،جنرل عبدالعزیز، کور کمانڈر جنرل محمود اورجنرل جاوید حسن شامل تھے۔نوازشریف نے کہاکہ آج کی دنیامیں جنگ کسی بھی مسئلے کاحل نہیں، مذاکرا ت کے ذریعے اس کا حل تلاش کیا جاسکتا ہے،خطے کے امن کیلیے ضروری ہے کہ پاک بھارت تعلقات کو فروغ دیاجائے اور مسئلہ کشمیر کا پر امن حل تلاش کیا جائے،ہم نے کبھی حکومت کو ڈی ریل ہونے کی کوشش نہیں کی اورہم نے یہ فیصلہ عظیم تر قومی مفادمیں کیا اور یہی حب الوطنی کا تقاضہ بھی ہے تاہم زرداری حکومت نے چارٹرآف ڈیموکریسی کی ہمیشہ نفی کی ہے، اس حکومت نے نہ تو لوڈشیڈنگ کامسئلہ حل کیا نہ مہنگائی کاخاتمہ کرسکی ۔

بعدازاں مسلم لیگ ن کے کارکنوں سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن برسر اقتدار آکرڈرون حملوں کی طرف آنکھ بند نہیں کرے گی،عملی اقدامات کرتے ہوئے بڑی قوتوں سے مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کرے گی۔ انھوں نے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام یوسف کے انتقال پرافسوس کا اظہار کیا۔نواز شریف عمرے کی ادائیگی کے بعد آج (سوموار)وطن واپس پہنچ جائیں گے، ذرائع کے مطابق وہ ن لیگ کے اہم اجلاس کی صدارت کرینگے جس میں جماعت کے انتخابی منشورسمیت دیگر اہم امورزیربحث آئیںگے۔

Recommended Stories

Load Next Story