اکشے کمار کی فلم ’ٹوائلٹ‘ ریلیز سے قبل ہی مشکلات کا شکار

بھارتی فلمسار پراوین ویاس کا فلم ٹوائلٹ کے پروڈیوسرز کو کاپی رائٹس کی خلاف ورزی پر قانونی نوٹس


ویب ڈیسک July 01, 2017
اکشے کمار کی فلم کی کہانی اور ڈائیلاگ میری فلم سے چوری کیے گئے، پراوین ویاس کا دعویٰ۔ فوٹو: فائل

GARISSA, KENYA: بالی ووڈ کے کھلاڑی اکشے کمار کی نئی فلم 'ٹوائلٹ: اک پریم کتھا' ریلیز سے قبل ہی مشکلات کا شکار ہو گئی اور اس پر کہانی کی چوری کا الزام عائد کر دیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق فلمساز پراوین ویاس نے فلم ٹوائلٹ: اک پریم کھتا کے پروڈیوسر کو قانونی نوٹس بھیجا ہے جس میں ان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فوری طور پر فلم کی تشہیری مہم اور ٹریلرز کو روکا جائے کیوں کہ اکشے کمار کی یہ فلم 2016 میں بنائی گئی ان کی دستاویزی فلم 'مانینی' کی کاپی ہے۔

پراوین ویاس نے نوٹس میں دعویٰ کیا ہے کہ فلم ٹوائلٹ: اک پریم کتھا کے متعدد سینز اور ڈائیلاگ ان کی دستاویزی فلم سے چرائے گئے ہیں جبکہ فلم کا 'مرکزی پلاٹ' بھی ان کی فلم سے مماثلت رکھتا ہے۔ ویاس نے 15 جون کو فلم ٹوائلٹ کے پروڈیوسرز کو نوٹس بھیجا تھا جس میں انہیں 28 جون تک جواب دینے کا کہا گیا تھا تاہم اب یہ مدت گزرنے کے بعد ویاس کہتے ہیں کہ وہ اب یہ معاملہ عدالت میں لے کر جائیں گے۔

دوسری جانب فلم ٹوائلٹ کے شریک پروڈیوسر شیتل بھاٹیا نے پراوین ویاس کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی فلم پر لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد اور ہراساں کرنے کی کوشش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم کا اسکرپٹ سدھارتھ اور گریما کے ناموں سے 2013 میں رجسٹرڈ کرایا گیا تھا جبکہ 2015 سے فلم مختلف حوالوں سے منظر عام پر آتی رہی ہے۔

یاد رہے کہ اکشے کمار کی نئی فلم 'ٹوائلٹ:اک پریم کتھا' بھارت میں بیت الخلاؤں کی قلت کے موضوع پر بنائی گئی ہے جبکہ پراوین ویاس کی دستاویزی فلم بھی اسی موضوع پر بنائی گئی تھی۔ دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی ملک بھر میں ٹوائلٹس کے استعمال کو فروغ دینے کی مہم شروع کر رکھی ہے۔

بالی ووڈ فلم ٹوائلٹ: اک پریم کتھا کو 2 جون کو ریلیز کیا جانا تھا ہم اب یہ فلم 11 اگست کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں