روحانیت روشن راستہ

روحانیت: روشن راستہ


جانیے اپنے اہم سوالات کے بہتر جوابات۔ فوٹو : فائل

اولاد نہیں ہے
(ا۔ ث: کراچی)
سوال: میری شادی کو ساڑھے تین سال کا عرصہ ہوچکا ہے۔ ہم ابھی تک اولاد سے محروم ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ میرے شوہر میں اولاد پیدا کرنے والے جراثیم کی کمی ہے اور مجھے بھی ایک اندرونی پیچیدگی ہے۔ اولاد نہ ہونے کی وجہ سے گھر کی فضا میں کھنچاؤ بڑھتا جارہا ہے۔ میرے شوہر بہت اچھے ہیں اور گھریلو ماحول میں اتنی تلخیاں ہونے کے باوجود وہ میرا خیال رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ برائے کرم کوئی دعا بتادیں۔
جواب: ڈاکٹر یا حکیمی علاج کے ساتھ ساتھ قرآن مجید کی درج ذیل آیات 101مرتبہ :
اقرا باسم ربک الذْی خلق O خلق الانسان من علق O حٰمٓ O الٓرٰتلک اٰیات الکتاب المبینO
عشاء کی نماز کے بعد پڑھ کر، پانی پر دم کرکے خود بھی پییں اور شوہر کو بھی پلائیں۔ یہ عمل نوے دن تک جاری رکھیں۔ ناغہ کے بعد شمار کرکے بعد میں پورے کرلئے جائیں۔

ENTماہر کو دکھائیں
(ح۔ ر: سیالکوٹ)
سوال: آج سے ڈیڑھ سال قبل ایک دن میرا سر اچانک سُن ہوگیا۔ اس کے بعد اکثر میرے کان بند ہوجاتے ہیں۔ آنکھوں اور ماتھے پر دباؤ سا محسوس ہوتا ہے۔ رات میں اکثر میری طبیعت خراب ہوجاتی ہے کبھی ایسا لگتا ہے جیسے میں مرجاؤں گی۔ تیز روشنی سے بھی سر میں درد ہونے لگتا ہے۔ اپنی اس طبیعت کی بنا پر میں بہت چڑچڑی بھی ہوگئی ہوں۔
جواب: معلوم ہوتا ہے کہ آپ کا نزلہ جم گیا ہے۔ ڈاکٹری علاج جاری رکھیں۔ بہتر ہوگا کہ کسی ENT ماہر کو دکھائیں۔ بطور روحانی علاج شیشے کی پلیٹوں پر یا سفید چکنے کاغذ پر زردہ کے رنگ اور عرقِ گلاب سے بسم اﷲ الرحمن الرحیم ایک مرتبہ اور اس کے نیچے اور یافارق نو مرتبہ لکھ کر صبح اور شام نیلی شعاعوں میں تیار کردہ پانی سے دھو کر چالیس روز تک پییں۔ چند ہفتوں تک صبح نہار منہ اور رات سونے سے قبل جوشاندہ پینا بھی مفید ہوگا۔

غصے والا داماد
(نام شایع نہ کریں)
سوال: میری بیٹی کی شادی چند سال قبل بہت دھوم دھام سے ہوئی۔ ہمارے دیکھے بھالے لوگ تھے۔ سسرال بہت اچھا ہے بیٹی کو ضرورت کی ہر چیز مہیا ہے لیکن اُس کے شوہر کو غصہ بہت آتا ہے۔ ذرا ذرا سی بات کو بہانہ بنا کر لڑنا شروع کردیتا ہے۔ دفتر کے بعد دوستوں میں وقت ضائع کرتا رہتا ہے۔
جواب: اپنی بیٹی سے کہیں کہ وہ صبح اور شام اکیس اکیس مرتبہ سورۂ آل عمران کی آیت 134میں سے:
والکاظمین الغیظ والعافین عن الناس واللّٰہ یحب المحسنین
تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر پانی پر دم کرکے اپنے شوہر کو پلائیں یا پڑھ کر ان کا تصور کرکے دم کردیں اور ان کے مزاج میں نرمی کے لیے دعا کریں۔ یہ عمل کم از کم ایک ماہ تک جاری رکھیں۔ بیٹی کو سمجھائیں کہ وہ اپنے شوہر کی تلخ باتوں پر صبر کریں۔ سیانے کہتے ہیں ''ایک چُپ سو کو ہرائے۔''

ابو کا اخلاق ٹھیک نہیں
(نام شائع نہ کریں)
سوال: میں ایک متوسط گھرانے سے تعلق رکھتی ہوں۔ ہم تین بہنیں ہیں۔ ہمارا کوئی بھائی نہیں ہے۔ ہمارے ایک ماموں بھی ہمارے ساتھ رہتے ہیں۔ ہمارے اخراجات کا ذمہ زیادہ تر ماموں نے اٹھایا ہوا ہے، والد کوئی کام دل لگا کر نہیں کرتے اُن میں ایک بڑی خرابی یہ بھی ہے کہ وہ ٹی وی پر بے ہودہ گانوں کے بے حد دل دادہ ہیں۔ اُن کی عمر تقریباً 55 سال ہے۔ بے تحاشہ سگریٹ نوشی بھی کرتے ہیں۔ رات بھر کیبل پر فلمیں دیکھتے ہیں اور ان فلموں کی نوعیت ایسی ہوتی ہے کہ ایک مشرقی بیٹی بیان نہیں کرسکتی۔ ان کے منہ سے گندی گندی گالیاں ایسے نکلتی ہیں جیسے روزمرہ بات چیت ہورہی ہو۔ میرے ماموں ابو کی ان حرکتوں سے سخت پریشان ہیں ۔ انہوں نے کہہ دیا ہے کہ اگر یہ نہ سدھرے تو میں یہ گھر چھوڑ کر کہیں اور چلا جاؤں گا۔ ہمارے گھر کا خرچہ تو ماموں اُٹھارہے ہیں اگر وہ ہمیں چھوڑ کر چلے گئے تو ہم بہت مشکل میں آجائیں گے۔
جواب: رات کے وقت جب کہ آپ کے والد صاحب گہری نیند سوجائیں تو آپ یا آپ کی والدہ 101مرتبہ بحول و قوت لا الہ الااﷲ المھیمن العزیز الجبار المتکبر پڑھ کر والد صاحب کا تصور کرکے دم کردیں اور ان کے مزاج میں اصلاح کے لیے دعا کریں۔ عمل کی مدت 40 روز ہے۔ ناغے کے دن شمار کرکے بعد میں پورے کرلیں۔

ایک آنکھ کی بینائی کم زور ہے
(ص۔ ا: ملتان)
سوال: میری چھوٹی بہن جس کی عمر 21 سال ہے ، اُسے پیدائشی طور پر ایک آنکھ سے بہت کم نظر آتا ہے۔ ڈاکٹر کہتے ہیں کہ اس کے Nerves Optic بہت کم زور ہیں۔ اُس کی دوسری آنکھ بالکل صحیح ہے۔ وہ جب پڑھنے بیٹھتی ہے تو دونوں آنکھوں سے پانی بہنے لگتا ہے۔
جواب: اپنی بہن سے کہیں کہ وہ ہر نماز کے بعد گیارہ مرتبہ الحی القیوم الحق النور تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر دونوں ہاتھوں کی آٹھوں انگلیوں کے پوروں پر دم کریں اور آنکھوں پر پھیر لیں۔ صبح شام نیلی شعاعوں میں تیار کردہ پانی ایک ایک پیالی پییں۔

شوہر بات تک نہیں کرتے
(ا۔ ق: لاہور)
سوال: میری شادی کو دس سال گزر گئے ہیں۔ شادی کے بعد ڈھائی سال تک شوہر میرے قریب نہیں آئے۔ کچھ روحانی علاج کے بعد ہمارے ہاں بیٹا پیدا ہوا۔ اس کے بعد پھر ڈھائی سال اسی طرح گزر گئے۔ ڈھائی سال بعد پھر روحانی علاج کے بعد ہمارے ہاں دوسرا بیٹا پیدا ہوا لیکن اب پھر پانچ سال گزر گئے ہیں، وہ مجھ سے دور رہتے ہیں۔ میں نے یہ بھی کہا کہ اگر مجھ سے کوئی غلطی ہوگئی ہے یا مجھ سے کوئی شکایت ہے تو بتا دیں۔ کہتے ہیں مجھے تم سے کوئی شکایت نہیں۔ اگر تمہیں مجھ سے کوئی شکایت ہے تو تم علیحدگی گی اختیار کرسکتی ہو۔ اب ان کے ساتھ دس سال گزار کر میں کسی بھی صورت ایسا نہیں چاہتی۔ وہ مجھ سے بہت ضروری ہوتا ہے تو بات کرتے ہیں ورنہ نہیں۔ بچوں کو کبھی کبھار ہی پیار کرتے ہیں ۔
جواب: رات سونے سے قبل سورۂ بقرہ کی آیت 228 اور سورۂ النساء کی آیت 32 یہ دونوں آیات اکیس اکیس مرتبہ، اول آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے شوہر کا تصور کرے دم کردیں اور اﷲ تعالیٰ کے حضور انتہائی عاجزی کے ساتھ اپنے مسئلہ کے حل کے لیے دعا کریں۔

سرپرستی
(ق۔ ش: اسلام آباد)
سوال: میرے خاندان کے چند کم عمر افراد ان دنوں بیرونِ ملک مقیم ہیں۔ میں ان کی خبر گیری اور سرپرستی کے لیے وہاں جانا چاہتا ہوں لیکن ویزا نہیں مل پارہا۔ جانا بھی ضروری ہے۔
جواب: اگر بیرون ملک مقیم کم عمر رشتے دار واقعی اپنی دیکھ بھال کے لیے آپ کو بلانا چاہتے ہیں تو ان سے کہیں کہ قانونی تقاضوں کی تکمیل کے بعد آپ کو دعوت نامہ ارسال کردیں۔ انشاء اﷲ مسئلہ حل ہوجائے گا۔

نیک مقدر
(نام نہیں لکھا)
سوال: میں بھی اُن دکھی ماؤں میں سے ایک ہوں جنہوں نے اپنی کوکھ سے بیٹے کو جنم تو دیا لیکن اسے اچھا انسان نہ بنا سکیں۔ میرا بیٹا جس کی عمر 25 سال ہے بُرے راستوں پر چل پڑا ہے۔
جواب: رات کو جب آپ کا بیٹا گہری نیند سوجائے تو سرہانے کھڑے ہوکر گیارہ مرتبہ سورہ البروج(85)کی آخری دو آیات، اتنی آواز سے پڑھیں کہ اُس کی نیند خراب نہ ہو۔ اگر سرہانے پڑھنا ممکن نہ ہو تو علیٰحدہ کمرے میں مصّلے پر بیٹھ کر گیارہ مرتبہ مذکورہ آیت پڑھ کر دل ہی دل میں اپنے بیٹے کا تصور کرکے اُس پر دم کردیں اور اس کی اصلاح کے لیے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کریں۔ عمل کی مدت کم از کم ایک ماہ ہے۔

گھر والے تعلیم کے حامی نہیں
(ش۔ ظ:گوجرانوالہ)
سوال: مجھے پڑھنے کا بے حد شوق ہے لیکن گھر والے مجھے پڑھانا نہیں چاہتے میرا اور میری چھوٹی بہن کا ایک سال ضائع ہوچکا ہے۔ میرے گھر والے تعلیم کی اہمیت اور میری بات سمجھنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
جواب: رات کو سونے سے پہلے 101مرتبہ ''یابدیع'' پڑھ کر آنکھیں بند کرلیں اور دل ہی دل میں یہ تصور کریں کہ آپ اﷲ تعالیٰ کے حضور حاضر ہیں۔ اس کے بعد اپنے مقصد میں کام یابی کی دعا کریں۔ چلتے پھرتے اُٹھتے بیٹھتے کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کرتی رہیں۔

ہار جیت
(س۔ م۔ع: ملتان)
سوال: مجھ میں قوت فیصلہ کی بے حد کمی ہے اور مجھے ایسا لگتا ہے کہ میرے اندر خوشی غمی کا جذبہ ختم ہوگیا ہے اسی لیے ہار ہو یا جیت مجھے کسی قسم کا کوئی احساس نہیں ہوتا، نہ ہی اب مجھ میں آگے بڑھنے کا جذبہ ہے۔
جواب: کوشش کریں کہ فجر کی اذان ہوتے ہی آپ بستر چھوڑ دیں۔ نماز باجماعت ادا کرنے کے بعد تین سو مرتبہ یااﷲ یارحمٰن یارحیم کا ورد کریں۔ اس کے بعد کم از کم بیس منٹ تک تیز قدموں سے پیدل چلیں۔ ایسے کاموں میں حصہ لیں جن میں آپ کا زیادہ سے زیادہ لوگوں کے ساتھ میل جول ہو۔

شرارتی پوتا
(ا۔ ع: کراچی)
سوال: میرا پوتا جس کی عمر چار سال ہے۔ بہت زیادہ شرارتی ہے۔ نرسری میں پڑھتا ہے۔ آپ سے درخواست ہے کہ میرے اس معصوم لیکن شرارتی پوتے کے حق میں کوئی ورد بتا دیں کہ میرا پوتا ذرا دھیما اور کم گو ہوجائے۔
جواب: اس عمر کے بچوں کا ذہن ہر چیز کے بارے میں جاننا چاہتا ہے، ذہن میں پیدا ہونے والی جستجو اور تلاش ہی نوعمر بچوں کو نچلا نہیں بیٹھنے دیتی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس عمر میں بچے کھیل کود میں حصہ نہ لیں تو اُن کی بہت سی صلاحیتیں دب کر رہ جائیں گی۔ محترم بھائی! اپنے پوتے کے روشن مستقبل کے لیے دعا کریں اور اسے اپنی عمر کے مطابق اُبھرنے والے تقاضے پورے کرلینے دیں۔

خط بھیجنے کے لیے پتا ہے۔
''روشن راستہ''ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی
پی او بکس 2213 ،کراچی۔74600
ای میل: [email protected]
فون نمبر: 021-36685469

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں