بھارت سرکارکو پاکستان سے شکست ہضم نہ ہوسکی

یونین منسٹر نے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کو ہی فکسڈ قرار دے دیا،تحقیقات کا مطالبہ


Sports Desk July 02, 2017
یونین منسٹر نے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کو ہی فکسڈ قرار دے دیا،تحقیقات کا مطالبہ فوٹو: فائل

بھارت سرکارکو پاکستان کے ہاتھوں اپنی ٹیم کی شکست ہضم نہ ہوسکی، یونین منسٹر رام داس اتھاول نے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کو ہی فکسڈ قرار دیدیا، وہ کہتے ہیں کہ پورے ٹورنامنٹ میں اچھا کھیلنے والے بلو شرٹس کی آخری مقابلے میں خراب پرفارمنس کی تحقیقات ہونا چاہئیں۔

جن کھلاڑی نے بُرا پرفارم کیا انھیں باہر کر دیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے حال ہی میں انگلینڈ میں منعقدہ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو 180 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، یہ ناکامی بھارت کو ہضم نہیں ہورہی جبکہ کچھ کو تو اس میں فکسنگ کی بو بھی آنے لگی ہے، ایسے لوگوں میں یونین منسٹر برائے سوشل جسٹس رام داس اتھاول بھی شامل ہیں، انھوں نے واضح طور پر اپنی ٹیم پر فکسنگ کا الزام عائد کرنے کے ساتھ معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کردیا۔

وہ کہتے ہیں کہ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ وہ کھلاڑی جو پورے ٹورنامنٹ میں اچھا کھیلے فائنل میں بالکل پرفارم ہی نہ کرپائیں، جن کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی نہیں دکھائی انھیں فوری طور پر ٹیم سے باہر کردینا چاہیے،ان کی جگہ دلت برادری کے باصلاحیت نوجوانوں کو موقع دیں، جس طرح ٹیم فائنل میں کھیلی اس سے صاف ظاہر ہورہا ہے کہ یہ مقابلہ فکسڈ تھا، اس لیے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ مکمل تحقیقات ہونا چاہئیں۔ اس موقع پر رام داس نے مطالبہ کیا کہ کرکٹ سمیت تمام کھیلوں میں 25 فیصد کوٹہ دلت اور قبائلی نوجوانوں کیلیے مختص کیا جائے۔ یاد رہے کہ 18 جون کو اوول میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان سے شکست کے بعد بھارتی میڈیا نے بھی اپنے کھلاڑیوں کی خوب کلاس لی،انھیں شرمناک شکست کا سب سے بڑا مجرم تک قرار دیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔