سوشل میڈیا پر گالیاں دی جارہی ہیں شرمیلا فاروقی

غیر اخلاقی حرکات ہوتی ہیں،کشمالہ،مجھے بھی نشانہ بنایا گیا،کسے الزام دوں،نازبلوچ


Monitoring Desk February 04, 2013
غیر اخلاقی حرکات ہوتی ہیں،کشمالہ،مجھے بھی نشانہ بنایا گیا،کسے الزام دوں،نازبلوچ فوٹو : فائل

پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے کہا ہے کہ جب سے تحریک انصاف سوشل میڈیا پر آئی ہے اس میڈیا پر گند مچ گیا ہے۔

انھوں نے نوجوانوں کو گالی دینا سکھایا ہے اور ان کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ دوسروں کی بے عزتی کریں۔ تاہم یہ مسلسل اس سے انکاری ہیں کہ ان کی پارٹی کے نوجوان گندی حرکتیں کرتے ہیں۔ ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''تکرار'' کے میزبان عمران خان سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر عارف علوی کے صاحبزادے نے میرے خلاف گندی زبان استعمال کی۔ میں نے شفقت محمود سے شکایت کی مگر اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

مسلم لیگ ق ہمخیال کی رہنما کشمالہ طارق نے بھی کہا کہ سوشل میڈیا پر بہت ہی غیر اخلاقی حرکات اور لوگوں کی بے عزتی کی جاتی ہے اور اس کی زیادہ ذمے دار تحریک انصاف ہے۔ گالی کی سیاست اس پارٹی نے شروع کی۔ جعلی ناموں سے اکائونٹ بنائے ہوئے ہیں۔ تحریک انصاف کی رہنما ناز بلوچ نے اینکرپرسن سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کے حوالے سے ہم پر الزام تراشی کی جا رہی ہے،بغیر ثبوتوں کے تو عدالت بھی کسی کو مجرم نہیں ٹھہراتی اور آپ نے فیصلہ بھی سنا دیا ہے کہ سوشل میڈیا پر جو کچھ ہو رہا ہے اس کی ذمے دار تحریک انصاف ہے۔

1

مجھے بھی براہ راست نشانہ بنایا گیا میں کس کو الزام دوں۔ مذہبی اسکالر مفتی عبدالقوی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ قرآن میں فرماتے ہیں کہ اگر کسی قسم کی خبر آئے تو اس کے بارے میں تحقیق کر لیا کرو۔ اگر انسان کا اخلاقی جوہر اچھا ہوگا تو وہ بات بھی اچھی کرے گا۔ پروگرام میں چلائی جانے والی فوٹیج میں مسلم لیگ ن کے رہنما مشاہد اللہ خان نے کہا کہ ایک ایسی لابی ہے جو خاص طور پر سیاستدانوں کو نشانہ بنا رہی ہے تاکہ تھرڈ آپشن کا جواز پیدا ہو ۔پیپلز پارٹی کے رہنما سیعد غنی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر سیاست دانوں کو بہت برا بنا کر پیش کیا جا تا ہے ۔

مسلم لیگ ق کے رہنما ریاض فتیانہ نے کہا یہ ایسی کوئی پریشانی والی بات نہیں۔ میں خود فیس بک پر ہوں اور لوگوں کی باتوں کا جواب دیتا رہتا ہوں۔ اے این پی کے رہنما الیاس بلور نے کہا کہ نہ جانے کس بدبخت نے فیس بک پر میرا اکائونٹ بنایا ہوا ہے ۔ میرے پاس اس کا پاس ورڈ بھی نہیں ہے اور نہ میں نے اس کو کبھی کھولا ہے ۔ اس کے باوجود میری تصاویر اس پر اپ ڈیٹ ہوتی رہتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں