کراچی میں آج بھی موسم ابر آلود لوگوں نے ساحل سمندرکا رخ کرلیا

آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران ہوا میں نمی کا تناسب 50 سے 70 فیصد رہے گا، محکمہ موسمیات

 دن بھر 18 سے 28 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلتی رہیں گی، محکمہ موسمیات: فوٹو: فائل

شہرقائد میں آج بھی موسم ابر آلود اور سمندری ہوائیں چلنے سے موسم انتہائی خوشگوارہے اور لوگوں کی بڑی تعداد نے چھٹی کے دن بھرپور انداز میں تفریح کرنے کی غرض سے ساحل سمندر کا رخ کرلیا ہے۔

کراچی اور گرد و نواح میں مون سون بارشوں کا پہلا سلسلہ تو تھم گیا ہے لیکن کالے بادلوں اورسمندر سے چلنے والی ہواؤں نے گرمی کو بھگادیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور دن بھر 18 سے 28 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلتی رہیں گی جب کہ شہر کا درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز نہیں کرے گا۔


چھٹی کے روز ابر آلود موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے کراچی والوں کی بڑی تعداد سندھ اور بلوچستان کے ساحلوں پر پہنچ گئے ہیں جب کہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ ٹھٹہ کے قریب واقع کلری جھیل کا رخ کرلیا ہے۔

دوسری جانب کراچی میں سندھ حکومت کی جانب سے کروڑوں روپے کی لاگت سے تیار کی گئی سڑکیں ایک بارش بھی برداشت نہیں کرسکی ہیں، کئی مقامات پر ان سڑکوں کا نام و نشان تک مٹ گیا ہے جب کہ نالوں کی صفائی کے دعوے بھی بارش کے پانی میں بہہ گئے ہیں، صوبائی حکومت کی جانب سے کئے گئے تمام تر دعوؤں کے باوجود 3 روز گزرنے کے بعد بھی مختلف علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہے۔
Load Next Story