ریمنڈ ڈیوس کی رہائی میں پنجاب حکومت کا کوئی کردار نہیں تھا شہباز شریف

ریمنڈ ڈیوس کے بارے میں ان سے پوچھا جائے جن کا نام کتاب میں ہے، شہباز شریف


ویب ڈیسک July 02, 2017
ریمنڈ ڈیوس کے بارے میں ان سے پوچھا جائے جن کا نام کتاب میں ہے، شہباز شریف۔ فوٹو؛ فائل

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کی رہائی میں پنجاب حکومت کا کوئی کردار نہیں تھا جب کہ ریمنڈ ڈیوس کی دیت پنجاب حکومت نے نہیں دی۔

لاہور میں ایک تقریب کے دوران خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب کاکہنا تھا کہ جمہوریت کی گاڑی صحیح طریقے سے چل رہی ہے لہذا کوئی بھی نہیں چاہتا کہ جمہوریت کی گاڑی پٹری سے اترے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں برن یونٹ کام کر رہے ہیں جب کہ ہم پر الزام لگانے والوں کے اپنے صوبے میں کوئی بھی برن یونٹ نہیں ہے، ملتان میں عالمی معیار کا برن یونٹ کام کر رہا ہے جب کہ تعلیم کے میدان میں بھی پنجاب حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ریمنڈ ڈیوس کے بارے میں ان سے پوچھا جائے جن کا نام کتاب میں ہے، ریمنڈ ڈیوس کی رہائی میں پنجاب حکومت کا کوئی کردار نہیں تھا جب کہ ریمنڈ ڈیوس کی دیت پنجاب حکومت نے نہیں دی لہذا پوچھا جائے اس کے لیے کس نے فنڈز فراہم کیے۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب سے1320 میگا واٹ کے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے چائنہ ہیونینگ گروپ کے چیئرمین چاؤ پکسی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، جس میں وزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے کہا کہ ساہیوال کول پاورپراجیکٹ نے شفافیت، معیار اور رفتار کی نئی تاریخ لکھی ہے، اس منصوبے کی 22 ماہ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل سے پوری دنیا میں نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے، یہ منصوبہ انتھک محنت ،خلوص نیت اورغیرمعمولی عزم کا شاہکار ہے، پاکستان کے عوام نے اتنی برق رفتاری سے کسی منصوبے کو مکمل ہوتے نہیں دیکھا۔

چیئرمین چائنہ ہیونینگ گروپ نے 1320 میگا واٹ کے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پر وزیراعلی اوران کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ 22 ماہ کی ریکارڈ مدت میں ساہیوال کول پاورپراجیکٹ کی تکمیل وزیراعلی پنجاب کا ایک مثالی کارنامہ ہے، وزیراعلی پنجاب نے ایک ناممکن کام کو ممکن کر دکھایا، اس منصوبے کی 22 ماہ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل سے نہ صرف چین بلکہ دنیا کا نیاریکارڈ قائم ہوا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔