ویمنزورلڈ کپ بھارت نے پاکستان کو95 رنزسے شکست دیدی

169 رنز کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 74 رنز پر ڈھیر ہوگئی


ویب ڈیسک July 02, 2017
بھارتی کپتان مٹھالی راج نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا،فوٹو:آئی سی سی

آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت کے 169 رنز کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

انگلینڈ کے شہرڈربی میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کے 170 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن خشک پتوں کی طرح بکھر گئی اور پوری ٹیم 39 ویں اوورمیں 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی پہلی آؤٹ ہونے والی بلے بازعائشہ ظفرتھیں جو کہ دوسرے ہی اوورز میں ایک رنزبنا کرایکتابشٹ کی گیند پرایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئیں، 8 کے مجموعی اسکورپرجویریہ خان بھی 6 رنز بناکرپویلین لوٹ گئیں انہیں گوسوامی نے آؤٹ کیا، ان کے بعد آنے والی سدرہ نواز بھی بغیر کوئی رنز بنائے ایکتا بشت کا شکار ہوگئیں۔ سدرہ کی جگہ لینی والی بلے باز ارم جاوید نے بھی واپس لوٹنے میں زیادہ دیر نہیں لگائی اور کھاتہ کھولے بغیر ایکتا کی گیند پرآؤٹ ہوگئیں جب کہ نین عابدی بھی 5 رنز بناکر دیپتی شرما کی گیند پرکلین بولڈ ہوگئیں۔ اسماویہ اقبال بھی اسکور میں کوئی اضافہ کیئے بغیر جوشی کی گیند پر آؤٹ ہوئیں جب کہ دیگر بلے بازوں میں سے بھی کوئی خاطرخواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا ،نشرا سندھو، دیانا بیگ اورثنا میر نے بالترتیب ایک،صفر اور 29 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے ایکتا بشٹ نے شاندار بالنگ کا مظاہرکرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ جوشی نے 2 اورگوسوامی،دیپتی اور ہرمنپریتکور نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل بھارتی کپتان مٹھالی راج نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا توبھارت نے مقررہ 50 اوورزمیں 9 وکٹوں کے نقصان پر169 رنزبنائے۔ پاکستان کو پہلی کامیابی 7 رنز پرملی جب سمرتی مندھانا 2 رنز بنا کردیانا بیگ کی گیند پرایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئیں۔ بھارت کی دوسری آؤٹ ہونے والی کھلاڑی پونم راوت تھیں جو 74 کے مجموعی اسکور پر 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، انہیں نشرا سندھو نے آؤٹ کیا۔ان کے بعد آنے والی بلے باز اور بھارتی کپتان مٹھالی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکیں اور صرف 8 رنز بنا کر نشرا سندھو کا شکار ہوگئیں جب کہ اسی اوور میں نشرا سندھو نے دیپتی شرما کو بھی پویلین واپس بھیج دیا ۔دیپتی نے 28 رنز کی اننگز کھیلی۔ 107 کے مجموعی اسکور پرسعدیہ یوسف نے ہرمن پریت کو کیچ آؤٹ کرادیا جب کہ ان کے بعد مونا میشرم کو بھی کلین بولڈ کردیا وہ صرف 6 رنز بنا سکیں۔ اس موقع پر سشما ورما نے تیزی سے کھیلتے ہوئے قیمتی 33 رنز بنائے اور اسماویہ اقبال کی گیند پر آؤٹ ہوگئیں جب کہ گوسوامی 14 رنز پر نشرا سندھو کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوئیں۔

پاکستان کی جانب سے نشراسندھونے 26 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ سعدیہ یوسف نے 2 ،دیانا اور اسماویہ نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم اب تک کوئی بھی فتح حاصل کرنے میں ناکام ہے، پہلے میچ میں گرین شرٹس کو جنوبی افریقہ سے سنسنی خیز مقابلے میں3 وکٹ سے شکست ہوئی تھی، دوسرے میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ پر107 رنز سے مات ہوئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں