دوسرا ون ڈے سری لنکن ہاسارنگا کی ڈیبیو پر ہیٹ ٹرک

میزبان ٹیم نے 7 وکٹ سے فتحیاب ہوکر 5میچز کی سیریز کا اسکور 1،1کرلیا


AFP July 03, 2017
اپل تھارنگا کے ناقابل شکست75رنز،ٹینڈائی چتارا کی عمدہ بولنگ رائیگاں۔ فوٹو: اے ایف پی

لکشن سنداکن اور ونیدو ہاسارنگا کے تابڑ توڑ حملوں نے زمبابوے کو زمین بوس کردیا۔

پہلے ون ڈے میں حیران کن طور پر شکست سے دوچار ہونے والی سری لنکن ٹیم نے دوسرے مقابلے میں زوردار کم بیک کرتے ہوئے زمبابوین ٹیم کو خاک چٹادی، 156 رنز ہدف کے تعاقب میں دنوشکا گوناتھیلاکا 8 رنز پر ٹینڈائی چتارا کی وکٹ بن گئے، اگلی گیند پر انھوں نے کوشل مینڈس کو وکٹ کیپر پیٹرمور کی مدد سے صفر پر پویلین واپس لوٹا دیا۔

نئے آنے والے بیٹسمین اپل تھارنگا نے چتارا کو ہیٹ ٹرک سے محروم رکھا اور ٹیم کو کامیابی کی جانب لے کر چل پڑے، اس دوران اوپنر نروشن ڈیکویلا 35 رنز بناکر کریمر کا ریٹرن کیچ بن گئے۔

بعد ازاں زمبابوین ٹیم کو خوشی منانے کا موقع میسر نہیں آیا، تھارنگا اور کپتان انجیلو میتھیوز نے 30.1 اوورز میں تین وکٹوں پر ہی ٹیم کو ہدف عبور کرادیا، تھارنگا 75 اور میتھیوز 28 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ ٹینڈائی چتارا نے 2 وکٹیں لیں۔

اس سے قبل زمبابوے کی پوری ٹیم 33.4 اوورز میں 155 رنز پر آؤٹ ہوگئی، ہیملٹن مساکیڈزا نے 41 اور میلکم والر نے 38 رنز بنائے، مڈل آرڈر کو سنداکن نے نشانا بناتے ہوئے 4 وکٹیں لی جبکہ ڈیبیو کرنے والے 19 سالہ آل راؤنڈر نے آخری تینوں وکٹیں سمیٹ کر ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ انھوں نے میچ میں صرف 16 بالز کیں جن پر 15 رنزدیے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں