فخر زمان نے مستقبل کے عزائم ظاہر کر دیے

چیئرمین بحریہ ٹاؤن کے نواسے بلال بشیر ملک نے بیٹسمین کو 20 لاکھ کا چیک دیا


Sports Reporter July 03, 2017
چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میچ میں جیت کیلیے جذبہ بلند تھا، فخر زمان۔ فوٹو: فائل

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ہیرو فخر زمان نے اپنے مستقبل کے عزائم ظاہر کر دیے۔

گزشتہ شام لاہور میں شیڈول تقریب کے موقع پر میڈیا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے اسٹار بیٹسمین کا کہنا تھا کہ میگا ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کے بعد جتنی عزت ملی، اس کا کبھی سوچا بھی نہ تھا، آئندہ بھی اپنے کھیل کے ذریعے ملک وقوم کا نام روشن کرنے کی کوشش کرتا رہوں گا۔

تقریب کا اہتمام بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض کے نواسے اور بلال اسٹیل ملز کے ایم ڈی بلال بشیر ملک نے کیا، انھوں نے فخر زمان کو 20 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ اس موقع پر قومی ٹیم کے اوپنر کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی میں اچھی کارکردگی کے بعد مجھے جتنی عزت ملی، اس کا تصور بھی نہیں کیا تھا، میگا ایونٹ میں غیر معمولی پرفارمنس نے میرے حوصلے مزید بلند کر دیے ہیں، اللہ نے چاہا تو اسی طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ مستقبل میں بھی کرتا رہوں گا۔

فخر زمان نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میچ میں جیت کیلیے جذبہ بلند تھا، اللہ کا شکر ہے کہ اس نے قوم کی دعاؤں سے فتح پاکستانی ٹیم کی جھولی میں ڈالی۔ ایک سوال پر قومی بیٹسمین کا کہنا تھا کہ میں انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک دونوں سطح پر شرجیل خان کے ساتھ کھیلتا رہا ہوں، شرجیل کے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کی وجہ سے اللہ نے مجھے صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جس کا میں نے بھر پور فائدہ اٹھایا، شاندار کارکردگی کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھنا چاہتا ہوں۔

اس موقع پر بلال ملک کا کہنا تھا کہ ہم نے وعدہ کیا تھا کہ ٹیم کی کامیابی کی صورت میں پلیئرز کو انعامات سے نوازا جائے گا، ہم نے اپنا وعدہ پورا کردیا ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ کھلاڑی اسی طرح کی اچھی کارکردگی دکھاتے رہیں گے اور ہم انھیں انعامات سے نوازتے رہیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں