اورنگی ٹاؤن قبرستان میں بال کریکر بم کا دھماکا 2 افراد زخمی

والد کی قبر کے قریب پودا لگانے کے لیے آیا تھا، اس دوران کھدائی کی تو ذور دار دھماکا ہوگیا، سلمان کا پولیس کو بیان

پولیس نے زخمی دونوں کزن کو حراست میں لیکر اسپتال منتقل کیا،بی ڈی ایس نے ایک اوربال کریکر بم برآمد کرکے ناکارہ بنادیا۔ فوٹو: فائل

اورنگی ٹاؤن میں الفتح قبرستان میں زور دار دھماکے سے بال کریکربم پھٹ گیا جس کے نتیجے میں2 افراد زخمی ہوگئے تاہم پولیس نے زخمی ہونیوالے دونوں کزن کو حراست میں لے کر اسپتال منتقل کیا۔

مومن آباد تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن سیکٹر 10فقیر کالونی سے متصل الفتح قبرستان میں ذور دار دھماکا ہوا جس کی آواز دور تک سنی گئی، اطلاع پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا ، اس حوالے سے جب ایس پی اورنگی عابد بلوچ اور ایس ایچ او صابرخٹک سے رابطہ کیا تو انھوں نے بتایا کہ پولیس جب قبرستان پہنچی تو پولیس کو حبیب الرحمن نامی قبر کے قریب شریف ولد صدیق اور سلمان ولد حبیب الرحمن زخمی حالت میں ملے جن کو پولیس نے اپنی حراست میں لے کر اسپتال منتقل کیا، انھوں نے بتایا کہ مضروب افراد آپس میں کزن ہے۔

زخمی سلمان کا کہنا ہے کہ وہ کزن کے ہمراہ اپنے والد حبیب الرحمن کی قبر کے قریب نیم کو پودا لگانے کے لیے آیا تھا، اس دوران کھدائی کی تو ذور دار دھماکا ہوگیا جس سے وہ زخمی ہوگئے، ایس ایچ او نے بتایاکہ ذور دار دھماکے سے پھٹنے والا دیسی ساختہ بال کریکر بم تھا ، بی ڈی ایس کے عملے نے سرچنگ کے دوران اسی مقام سے ایک اور بال کریکر بم برآمد کیا جس کو ناکارہ بنادیا گیا۔


ایس پی اورنگی عابد بلوچ نے بتایاکہ پولیس کا تفتیش سے قبل کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہوگا، انھوں نے بتایا کہ پولیس کو شبہ ہے کہ زخمی افراد بال کریکر بم چھپانے آئے تھے یا یہاں سے نکال کر کسی مقام پر حملے کرنے لیکر جارہے تھے تاہم پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔

بی ڈی ایس کے افسر عابد فاروق نے بتایاکہ ناکارہ بنایا جانے والا اور پھٹنے والا دیسی ساختہ بال کریکر بم تھا جس میں ساڑھے 3سو گرام بارودی مواد موجود تھا اور اس قبل ویسٹ کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد تنظیمیں بال کریکر بم حملے کرچکی ہے۔

علاوہ ازیں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے ڈی آئی جی ویسٹ زون ذوالفقار لاڑک سے اورنگی ٹاؤن میں ہونے والے بال کریکر بم دھماکے کی تٖفصیلی رپورٹ طلب کرلی اور حکم جاری کیا ہے وہ واقعے کی باریک بینی سے تفتیش کریں، دوسری جانب بی ڈی ایس کے عملے نے پولیس کو ابتدائی رپورٹ دی ہے کہ بلاسٹ ہونے والا بال کریکر بم اور ناکارہ بنایا جانے والا بال کریکر بم زمین میں چھپائے گئے تھے تاہم مزید تفتیش جاری ہے۔
Load Next Story