حکمران سہولیات نہ دے کر عوام کو دہشت گرد بنا رہے ہیں مصطفیٰ کمال

پاکستان کا معاشی حب کراچی گندگی کا ڈھیر بن چکا ہے جہاں لوگوں کو پینے کیلئے صاف پانی تک نہیں مل رہا ، مصطفیٰ کمال


ویب ڈیسک July 03, 2017
جمشید دستی کو فوراً رہا کیا جائے، مصطفیٰ کمال؛فوٹو فائل

پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ وہ آرمی چیف سےاپیل کرتے ہیں کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ردالفساد اور ضرب عضب کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ سہولیات نہ دے کر حکمران عوام کو سب سے بڑے دہشت گرد بنا رہے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس کے دوران ممبر قومی اسمبلی جمشید دستی کے ساتھ جیل میں ہونے والے ناروا سلوک کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ریاستی دہشتگردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے جمشید دستی کو فوراً رہا کیا جائے۔

مصطفیٰ کمال نے کراچی کی خراب صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا معاشی حب کراچی گندگی کا ڈھیر بن چکا ہے،یہاں لوگوں کو پینے کیلئے صاف پانی تک فراہم نہیں کیا جارہا ،جگہ جگہ کچرے اور صفائی کے ناقص انتظام نے لوگوں کو پریشان کرکے رکھا ہوا ہے۔

پاک سرزمین پارٹی کے چیرمین کا کہنا تھا کہ ہم نے 16 نکات پر 18 دنوں تک دھرنا دیا، ہمارے مطالبات میں نالوں کی صفائی اورپانی کی فراہمی شامل تھی،ہمارے مطالبات پر حکومت وقت نے کان نہیں دھرا، ہمیں ان حکمرانوں سے کوئی شکایت نہیں ہے کیونکہ انہیں ایسا ہی رہنا ہے،اصل فیصلہ پاکستان، سندھ اور کراچی کےعوام کو کرنا ہے کہ انھیں کیا کرنا ہے، عوام کب تک خاموشی سے لاشیں اٹھاتے رہیں گے وہ آواز کیوں نہیں اٹھاتے، حکمرانوں نے22 کروڑ لوگوں کو دہشتگرد بنادیاہے، وہ آرمی چیف سےاپیل کرتے ہیں کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ردالفساد اور ضرب عضب بند کردیں کیونکہ اس کا کوئی فائدہ نہیں۔ سہولیات نہ دے کر حکمران عوام کوسب سے بڑے دہشت گرد بنا رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں