ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے جاتی سردی نے پھر ڈیرے جما لئے

ماہرین کے مطابق حالیہ بارشیں فصلوں اور آبی ذخائر کے لئے انتہائی مفید ہیں جبکہ موسمی بیماریوں میں بھی کمی آئے گی۔

بارش کے باعث شدید سردی میں عوام کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ ۔فوٹو: اے ایف پی

مغرب کی جانب سے ملک میں داخل ہونے والے سسٹم کے باعث مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے۔


خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری ہے، سوات ، کالام ، مالم جبہ، بونیر، پارہ چنار اور چترال میں ہر شے نے برف کی سفید چادر اورھ لی ہے،جمعرات سے اب تک سوات اور گرم چشمہ میں 4 جبکہ بونی ، مستوج اور وادی کیلاش میں 3 فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔ برفباری نے جہاں موسم کو حسین کردیا ہے وہیں سردی کی شدت میں اضافے نے لوگوں کو گھروں میں بھی محصورکردیا ہے جبکہ کئی مقامات پر رابطہ سڑکیں برفانی تودے گرنے کے باعث بند ہیں۔


پنجاب اور پوٹھوہار ریجن میں بھی بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی ،اسلام آباد میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 65 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے جبکہ مری، شوگران اور گلیات میں ہر جانب برف ہی برف دکھائی دے رہی ہے۔ ان علاقوں میں رابطہ سڑکیں بند ہونےسے سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔



بلوچستان کے شمال مشرقی علاقوں کوئٹہ، قلات، زیارت ، دالبندین، مستونگ، پنجگور،پسنی، گوادر اور ژوب میں جمعہ کے روز سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، زیارت اور قلات کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری سے خنکی میں اضافہ ہوگیا ہے، ہرنائی میں موسلا دھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آنے سے قومی شاہراہ ٹریفک کے لئے بند ہوگئی ہے۔


بالائی اور جنوبی سندھ کے مختلف علاقوں سکھر،روہڑی، دادو، لاڑکانہ، ٹھٹہ، نوابشاہ اور حیدر آباد میں پیر کے روز بھی وقفے وقفے سے ہلکی بارش جاری رہی۔ ساحلی اور بارانی علاقوں میں بارش نے کاشتکاروں میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے۔


ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشیں فصلوں اور آبی ذخائر کے لئے انتہائی مفید ہیں اس کے علاوہ ان بارشوں سے موسمی بیماریوں میں بھی کمی آئے گی۔


محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں اور پوٹھوہار ریجن میں بارش کا سلسلہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔


Load Next Story