بھارت نے پاکستان کو سیریز کا مجوزہ شیڈول ارسال کر دیا

2 ٹوئنٹی20 اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز24 دسمبر سے5جنوری تک کھیلے جائینگے

2 ٹوئنٹی20 اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز24 دسمبر سے5جنوری تک کھیلے جائینگے

KARACHI:
بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کو سیریز کا مجوزہ شیڈول ارسال کر دیا، 2 ٹوئنٹی 20 اور 3 ون ڈے میچز 24 دسمبر سے 5 جنوری تک کھیلے جائیں گے،ممبئی حملوں کے تناظر اور انتہا پسند تنظیموں کی دھمکیوں کے سبب وہاں کوئی میچ نہیں ہو گا، پی سی بی ٹیم مینجمنٹ کی مشاورت سے آئندہ چند روز میں بھارتی بورڈ کو جواب سے آگاہ کر دے گا۔


تفصیلات کے مطابق پاک بھارت تعلقات میں بہتری کا اثر کرکٹ پر بھی پڑا اور اب دونوں ٹیمیں رواں برس کے آخر میں مدمقابل آنے والی ہیں، چند روز قبل بھارتی بورڈ نے پڑوسی ملک سے روابط کے احیا کا اعلان کیا تھا، اب پی سی بی کو سیریز کا مجوزہ شیڈول بھی ارسال کر دیا ہے، باخبر ذرائع نے نمائندہ ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ مقابلوں کا انعقاد24 دسمبر سے 5 جنوری تک ہو گا، ابتدا میں2 ٹوئنٹی20 میچز جبکہ اس کے بعد 3 ون ڈے رکھے گئے ہیں، بنگلور، احمد آباد، نئی دہلی، کولکتہ اور چنئی ایک، ایک میچ کی میزبانی کے فرائض انجام دیں گے۔

ممبئی حملوں کے تناظر میںکشیدگی کے سبب وہاںکوئی میچ نہیں رکھا گیا ہے،کئی انتہاپسند تنظیموں نے پہلے ہی ممبئی میں میچ کی صورت میں گڑبڑ کی دھمکیاں دے رکھی ہیں، ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ چند روز میں ٹیم مینجمنٹ بشمول ون ڈے کپتان مصباح الحق اور ٹی ٹوئنٹی قائد محمد حفیظ سے مشاورت کے بعد شیڈول کو منظوری دے گا،ممبئی میں میچ نہ رکھ کر بی سی سی آئی نے پی سی بی کی مشکل آسان کر دی تاہم اس کے باوجود دورے کی تاریخیں قریب آنے پر ایک جائزہ وفد بھی بھیجا جائے گا، وہ سیکیورٹی سمیت تمام انتظامات کا جائزہ لے گا۔
Load Next Story