چوتھا ون ڈے کچھوے کی چال نے دھونی کو ولن بنا دیا

114 بالز پر 54 رنزبنانے والے سابق کپتان ٹیم کو فنشنگ لائن تک نہیں پہنچا پائے


AFP July 04, 2017
2اوورز میں 12رنز بھی نہ بنے،ہولڈر کے5شکار،ویسٹ انڈیز11 رنز سے فتحیاب فوٹو: فائل

ISLAMABAD: ویسٹ انڈیز کے خلاف چوتھے ون ڈے میں کچھوے کی چال نے مہندرا سنگھ دھونی کو ولن بنا دیا، 114 بالز پر 54 رنز بنانے والے سابق کپتان ٹیم کو فنشنگ لائن تک نہیں پہنچا پائے، سیکنڈ لاسٹ اوور کی آخری گیند پر آؤٹ ہوکر چلتے بنے،اختتامی12 بالز پر بھارت سے 16 رنز نہیں بن پائے، جیسن ہولڈر نے 5 شکار کر کے ٹیم کو 11 رنز سے فتح دلا دی، سیریز کا خسارہ بھی 1-2ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز سے تیسرے ون ڈے میں وکٹ کیپر بیٹسمین دھونی نے ناقابل شکست 78 رنز بناکر ٹیم کو کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، مگر چوتھے ون ڈے میں سست رفتاری نے انھیں ہیرو سے ایکدم زیرو بنا دیا،کچھوے کی چال کے باعث بھارت کو تقریباً جیتے ہوئے مقابلے میں 11 رنز کی شکست کا منہ دیکھنا پڑا، سیریز جیتنے کیلیے اب ٹیم کوجمعرات تک کا انتظار بھی کرنا پڑے گا جب پانچواں اور آخری ون ڈے کھیلا جائے گا۔ فتح کیلیے 190 رنزکا تعاقب کرنے والی بھارتی ٹیم کے 3 اہم بیٹسمین شیکھر دھون، ویرات کوہلی اور دنیش کارتھک بالترتیب 5، 3 اور 2 رنز پر آؤٹ ہوگئے، اجنکیاراہنے نے دھونی کے ساتھ مل کر اسکور کو 101 تک پہنچایا تاہم خود 60 رنز پر دیوندرا بشو کی گیند پر شائی ہوپ کا کیچ بن گئے۔

اس نازک صورتحال میں دھونی نے احتیاط سے کھیلنا شروع کیا، اس دوران دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کا بھی سلسلہ جاری رہا مگر انھوں نے احتیاط کا دامن ہاتھ نہیں سے چھوڑا، آخر میں 2اوورز باقی بچ گئے تو بھارت کو کامیابی کیلیے 16 رنز درکار اور3 وکٹیں باقی تھیں، دھونی نے کیسرک ولیمز کی دوسری گیند پر سنگل سے اسٹرائیک ٹیل اینڈر کلدیپ یادیو کو دے دی، جنھوں نے اگلی 2 بالز ضائع کیں اور پانچویں پر سنگل سے اسٹرائیک دھونی کو دی۔

انھوں نے گیند کو باؤنڈری پار بھیجنے کیلیے پوری قوت سے ہٹ کیا مگر الزاری جوزف نے عمدگی سے کیچ تھام کر ان کی اننگز کا اختتام کردیا،دھونی نے 114 بالز پر 54 رنز بنائے جو ان کی 64 ففٹیز میں سب سے زیادہ سست ثابت ہوئی۔ آخری اوور میں فتح کیلیے 14 رنز درکار تھے تاہم ہولڈر نے امیش یادیو اور محمد شامی کو آؤٹ کرکے بھارتی اننگز کا 178 پر اختتام کردیا، انھوں نے 5 اور جوزف نے 2 وکٹیں لیں،اس سے پہلے ویسٹ انڈیز نے 9 وکٹ پر 189 رنز بنائے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔