ایرانی سپریم لیڈر ایک بار پھر کشمیریوں کی حمایت میں میدان میں آگئے

ایرانی عدلیہ بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کی کھل کر حمایت کرے،خامنہ ای

ایرانی عدلیہ بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کی کھل کر حمایت کرے، آیت اللہ خامنہ ای — فوٹو : فائل

ایران کے رہبر اعلیٰ خامنہ ای ایک بار پھر بھارتی مظالم کا شکار کشمیریوں کی حمایت میں میدان میں آگئے اور ایرانی عدلیہ پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کی کھل کر حمایت کرے۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے کہا ہے کہ یہ انتہائی اہم ہے کہ ایرانی عدلیہ کے عہدے دار بین الاقوامی قانونی معاملات کا بغور جائزہ لینے کے بعد اس پر تبصرے کریں۔ خامنہ ای نے یہ بیان حکومتی عہدے داروں اور عدالتی نظام سے تعلق رکھنے والے حکام سے ملاقات کے دوران کہی۔


خامنہ ای کا کہنا تھا کہ اپنی قانونی حیثیت کے پیش نظر ایرانی عدلیہ کو بین الاقوامی معاملات میں مداخلت کرنی چاہیے چاہے وہ امریکا کی جانب سے اثاثوں کی ضبطی کا معاملہ ہو یا دہشت گردی کا، مذہبی رہنماؤں کی آواز دبانے کا معاملہ ہو یا میانمار اور کشمیر کے مسلمانوں پر ظلم و زیادتی کا معاملہ ہو، ایرانی عدلیہ کو ان معاملات میں اپنی بھرپور حمایت یا مخالفت کا اظہار کرنا چاہیے تاکہ اس کی گونج عالمی سطح پر سنی جاسکے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل عیدالفطر کے موقع پر بھی ایرانی رہبر اعلیٰ نے کشمیریوں کا تذکرہ کیا تھا اور کہا تھا کہ کشمیر کو تمام مسلم ممالک کی توجہ اور تعاون درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو کھل کر کشمیر کی حمایت کرنی چاہیے۔
Load Next Story